مئی میں کویتا کی نئی پارٹی کا اعلان – سدی پیٹ یا بودھن سے مقابلہ کرنے کا ارادہ
حیدرآباد: تلنگانہ جاگرتی کی صدر کلواکنتلا کویتا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال مئی میں نئی سیاسی جماعت قائم کریں گی، جس کے ذریعے ریاستی سیاست میں ایک نیا متبادل پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں باقاعدہ طور پر موزوں تاریخ اور وقت طے کر کے پارٹی کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
حیدرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ مجوزہ پارٹی کے نام میں لفظ “تلنگانہ” ضرور شامل ہوگا تاکہ ریاستی شناخت، خودداری اور عوامی امنگوں کی واضح عکاسی ہو سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئی جماعت عوامی مسائل کے حل، سماجی انصاف اور خطے کی ہمہ جہتی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گی۔
انہوں نے آئندہ انتخابات کے حوالے سے کہا کہ وہ سدی پیٹ یا بودھن میں سے کسی ایک حلقے سے انتخابی میدان میں اتریں گی، جس میں پہلی ترجیح سدی پیٹ ہوگی۔ کویتا کے مطابق جلد ہی پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے، پالیسیوں اور عوامی رابطہ مہم سے متعلق مکمل لائحۂ عمل بھی جاری کیا جائے گا، جس سے ریاست کی سیاست میں نئی سرگرمی پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔



