سماجی تلنگانہ کے خواب کی تکمیل تک چین سے نہ بیٹھنے کا عزم : کویتا

سماجی تلنگانہ کے خواب کی تکمیل تک چین سے نہ بیٹھنے کا عزم
عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ۔جہد مسلسل جاری وساری رہے گی
کالو جی نارائن راؤ کی یوم پیدائش اور چاکلی ایلماں کی برسی تقریب۔صدر تلنگانہ جاگروتی کے کویتا کا خطاب
تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی پروگرام میں مشہور شاعر کالوجی نارائن راؤ کی یوم پیدائش اور چاکلی ایلماں کی برسی کے موقع پر ان کی تصاویر پر پھول مالائیں چڑھائی گئیں اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کی خدمت اور سماجی انصاف کے لئے جدوجہد جاری رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور جب تک سماجی تلنگانہ کا خواب پورا نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کالوجی نے اپنی شاعری کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام کو شعور اور جذبہ عطا کیا۔ "پیدائش تمہاری، موت تمہاری، زندگی ساری تلنگانہ کی ہے” جیسے الفاظ کے ذریعہ انہوں نے یہ پیغام دیا کہ تلنگانہ کی ہر سانس میں اس کے لوگوں کا خون دوڑ رہا ہے۔ کالوجی گزر گئےلیکن ان کی سوچ، اصول اور شاعری آج بھی ہمارے لئےتحریک کا باعث ہے اور ان کی رہنمائی تلنگانہ کی زندگی کا حصہ بنی ہوئی ہے۔
اسی طرح چاکلی ایلماں ایک ایسی بے باک خاتون تھیں جنہوں نے ثابت کیا کہ ایک عورت چاہے تو ہر مقصد کو حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور اپنے حوصلے سے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ایک نئی راہ دکھائی۔ ان کی جرات اور قربانی تلنگانہ کی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے اور ہمیں چاہئے کہ ان کی قربانیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھیں۔
کلواکنٹلہ کویتا نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کہا گیا تھا کہ کالیشورم پروجیکٹ گر گیا ہے، مگر اب اسی پروجیکٹ کے تحت ملنا ساگر سے حیدرآباد کو پانی فراہم کرنے کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔ جب کونڈا پوچماں سے پانی لانے میں صرف 1500 کروڑ روپئے کا خرچ آتا ہے تو پھر ملنا ساگر سے پانی لانے 7500 کروڑ روپئے کا خرچ کیسے؟ یہ رقم تلنگانہ کے عوام کی محنت کا حاصل ہے، نہ کہ کسی ایک شخص کی ذاتی دولت۔ جب تک اس پروجیکٹ کی قیمت میں اضافہ کی وضاحت نہیں کی جاتی، تلنگانہ جاگروتی سوال اٹھاتی رہے گی اور جواب دہی کے لئے مجبور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے ہر طبقے اور ہر علاقے سے رابطہ کرے گی، سب کی رائے لے کر آگے بڑھے گی اور ایک ایسا سماج بنائے گی
جہاں ہر فرد کو مساوی مواقع ملیں اور ترقی کے دروازے سب کے لئے کھلے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کے سی آر تیسری بار کامیابی حاصل کرتے تو وہ سماجی تلنگانہ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا کام کرتے اور اس مشن کو آگے بڑھاتے۔کلواکنٹلہ کویتا نے پرزور انداز میں کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو چاہئے کہ وہ سدرشن ریڈی کی نائب صدر کے عہدے کے لئے بھرپور سپورٹ کریں، چاہے وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں۔ جیسے سابق الیکشن کمشنر شیشن نے اپنے عہدے کو شفافیت اور وقار کے ساتھ سنوارا تھا، ویسے ہی جسٹس سدرشن ریڈی بھی نائب صدر کے عہدہ کو وقار عطا کریں گے اور ملک کی خدمت کریں گے۔ ہمیں ان کی کامیابی کے لئے سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے جدوجہد کا سفر جاری رہے گا اور سماجی تلنگانہ کا خواب پورا ہونے تک تلنگانہ جاگروتی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ ہم سب کو مل کر ایک مضبوط، مساوی مواقع فراہم کرنے والا اور ترقی پسند سماج بنانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔