چندرشیکھر راؤ لاپتہ، دیواروں پر پوسٹرس۔بی جے پی کارکنوں کی پولیس سے بھی شکایت

سدی پیٹ ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے لیڈروں نے سابق وزیراعلی کے چندر شیکھر راو کے لاپتہ ہونے کے پوسٹرس مكانات کی دیواروں پر لگائے۔ انہوں نے ان پوسٹرس کے ذریعہ عوام سے پوچھا کہ کے چندر شیکھر راو کہاں ہیں ؟
انہوں نے ساتھ ہی پولیس سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزيرا علی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گجویل اسمبلی حلقہ سے تین مرتبہ کامیابی کے بعد بھی چندر شیکھر راونے اس حلقہ کا ایک مرتبہ بھی دورہ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 4 سڑکیں تعمیر کرنے اور 4 عمارتوں کی تعمیر ترقی نہیں ہے۔ بی جے پی کے لیڈروں نے دیواروں پر لگائے گئے ان پوسٹرس کے قریب ٹہر کر تصویر کشی اور ویڈیوگرافی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سی سی روڈ کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ہے اور سرکاری اسپتال میں عملہ کی کمی ہے۔ لاٹری کے ذریعہ منتخب استفاده کنندگان کوڈبل بیڈروم مکانات نہیں دیئے گئے۔
بی جے پی کے لیڈروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے موقع پر جلسوں سے خطاب کے بعد چندر شیکھر راو ہنوز اس حلقہ میں نظر نہیں آئے۔ چندر شیکھر راو کی گمشدگی کے پمفلٹس بھی ان کارکنوں نے تقسیم کئے اور کہا کہ کے چندر شیکھر راو کہاں ہیں اور کیسے ہیں وہ نہیں جانتے۔