تلنگانہ

پڑوسی کے بچہ کا اغوا _ نظام آباد میں اغوا کنندہ گرفتار ؛ بچہ والدین کے حوالے

نظام آباد مالاپلی سے مغویہ 7سالہ لڑکا منہاج 3دن بعد دستیاب وافراد خاندان کے حوالے

پڑوسی و جان پہچان کے اغواء کنندگان ملزمین پولیس کی حراست میں۔ڈی سی پی جئے رام کی صحافتی کانفرنس

نظام آباد:3/فروری (محمد یوسف الدین خان اردو لیکس) تلنگانہ کے مالاپلی نظام آباد سے اغواء کیا گیا 7سالہ لڑکا محمد منہاج کو نظام آباد پولیس نے تین دن میں بازیاب کرتے ہوئے اغواء میں ملوث مرد وخواتین ملزمین کو گرفتار کیا۔اور مغویہ لڑکے کو ماں باپ کے حوالے کردیا۔ ڈی سی پی جئے رام نے آج پولیس کمشنریٹ آفس میں منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ 7سالہ محمد منہاج ولد محمد ایازساکن مالاپلی نظام آباد 30/جنوری شام 5بجے سے لاپتہ تھا۔ افراد خاندان کے کافی تلاشی کے بعد 31/جنوری کو لڑکے کے لاپتہ ہونے کی شکایت پولیس ٹاؤن میں درج کروائی

 

۔ نظام آباد پولیس کمشنر مسٹر کلمیشور نے اس کیس کی تحقیقات و تفتیش اور لڑکے کی بازیابی کیلئے سب انسپکٹر رمیش کی قیادت میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ لڑکے کی تلاشی کے لئے سی سی کیمروں کے فوٹیج کے ذریعہ تلاشی پر اسی محلہ کا رہنے والا سہیل خان نامی نوجوان موٹر سیکل پر لڑکے کو بٹھاکر لے جاتا ہوا نظرآیا۔ سہیل کو پولیس نے تلاشی کے بعد حراست میں لیا اور لڑکے کے اغواء اور لڑکے کو فروخت کرنے کے سلسلہ میں تفتیش کرتے ہوئے معلومات حاصل کی۔ نظام آباد شہر کے آٹو نگر میں رہنے والے شبانہ بیگم اور شیخ عابد کو لڑکا حوالے کرنے کا انکشاف ہوا۔ ان دونوں میاں بیوی پر اس سے قبل بھی اسی طرح کے کیسیس میں ملوث ہونے کا پتہ چلا ہے۔

 

مغویہ لڑکے منہاج کو ایک موٹر کار کے ذریعہ حیدرآباد لے جاکر مصطفی نگر فلک نما علاقہ میں ایک دوسرے گروہ کو فروخت کردیا۔ نظام آباد پولیس کی تفتیش کے دوران تین دن کے بعد مغویہ لڑکا منہاج دستیاب ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ اغواء کنندگان نے لڑکے کو اغواء کرکے 3لاکھ روپئے میں فروخت کردیا۔ اس رقم میں پڑوس میں رہنے والا اغواء کنندہ سہیل خان نے 70ہزار روپئے اور آٹو نگر نظام آباد میں رہنے والے میاں بیوی شبانہ شیخ عابد نے 1.70لاکھ روپئے حاصل کرلئے اسی طرح زرینہ و عالیہ نامی ملزمین نے رقم آپس میں بانٹ لی۔ نظام آباد ڈی سی پی جئے رام نے اس بات کا حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مالاپلی نظام آباد میں رہنے والا معصوم منہاج نامی لڑکا جو ذہنی طورپر ہوشیار اور چالاک بھی تھا

 

اس کی نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے پڑوس میں رہنے والااغواء کنندہ ملزم سہیل خان نے اس کو باتوں میں رجحاتے ہوئے موٹر سیکل پر لڑکے کو لیکر اغواء کرلیا۔ انہوں نے کہاکہ نظام آباد میں بچوں کو اغواء کرنے کا گروہ سرگرم ہونے کی اطلاع فی الحال غلط ہے جبکہ اغواء کرنے والے قریبی جان پہچان کے لوگ بھی ہوسکتے ہیں۔ جس کی مثال منہاج کے اغواء میں پڑوسی سہیل کے ملوث ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے ذکر کیا۔ ڈی سی پی جئے رام نے پوچھے گئے سوال پر کہاکہ ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس کی تحویل میں لیتے ہوئے مزید تحقیقات کی جائے گی اور اس طرح اغواء کے کوئی اور کیسیس و واقعات کے سلسلہ میں بھی مزید تحقیقات کرتے ہوئے ملزمین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

 

اس موقع پر نظام آباد اے سی پی کرن کمار، ون ٹاون ایس ایچ او وجئے بابو، سب انسپکٹر رمیش کے علاوہ مغویہ لڑکے منہاج کے والد محمد ایاز، والدہ و نانی بھی اس موقع پر موجود تھی۔ مالاپلی نظام آباد سے 7سالہ محمد منہاج کے اغواء ہونے کے واقعہ سے نظام آباد شہر میں سنسنی اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی مختلف سیاسی پارٹیوں و تنظیموں سے وابستہ قائدین نظام آباد پولیس سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے مغویہ لڑکے منہاج کو بازیاب کرنے اور ملزمین کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچانے کا پرزور مطالبہ کیا گیا تھا اور آج رات لڑکے کی بازیابی پر فکر مند افراد خاندان و شہریان نظام آباد میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button