بی سی تحفظات کے لئے بہر صورت ریل روکو احتجاج منظم کرنے کویتا کا عزم

بی سی تحفظات کے لئے بہر صورت ریل روکو احتجاج منظم کرنے کا عزم
سنگارینی جاگروتی کی جانب سے پوسٹرس کی تیاری۔کے کویتا کے ہاتھوں رسم اجرا
پسماندہ طبقات کو ریزرویشن کے بغیر مجالس مقامی انتخابات کی سازش
ریاستی اور مرکزی حکومتوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے احتجاج کا فیصلہ
عوام سے 16 تا 18 جولائی ریل میں سفر کے پروگرام نہ بنانے کی اپیل
صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے آج اپنی رہائش گاہ پر سنگارینی جاگروتی کی جانب سے تیار کردہ پوسٹرس کی اجرائی عمل میں لائی۔
یہ پوسٹرس 17 جولائی کو تلنگانہ جاگروتی اور یونائیٹڈ پھولے فرنٹ (یو پی ایف) کی جانب سے منظم کردہ ریل روکو پروگرام کی تائید و حمایت میں تیار کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر صدر جاگروتی کویتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ طبقات کو تعلیم، روزگار اور مقامی اداروں میں 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنا لازمی ہے۔
تلنگانہ جاگروتی، یو پی ایف اور بی سی سماج کی جدو جہد کے نتیجہ میں 42 فیصد ریزرویشن کی فراہمی کے لئے ریاستی حکومت نے اسمبلی اور کونسل میں دو علیحدہ بلس منظور کئے ہیں لیکن ان بلس کو قانونی حیثیت دینے کے لئے ریاستی حکومت کوئی کوشش نہیں کر رہی ہے
۔ کل جماعتی وفد کو دہلی لے جا کر مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی بھی مساعی نہیں کی گئی ہے۔ اسی مقصد کے تحت تلنگانہ جاگروتی اور یونائیٹڈ پھولے فرنٹ کی جانب سے 17 جولائی کو ریل روکو احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ بی سی ریزرویشن طئے کئے بغیر مقامی اداروں کے انتخابات منعقد کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لحاظ سے محض مواقع فراہم کرنا کافی نہیں ہیں بلکہ پسماندہ طبقات کو قانونی و آئینی تحفظ اور ریزرویشن ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالنے کے لئے ہی ریل روکو احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چاہے کتنی ہی رکاوٹیں آئیں، ہم ریل روکو احتجاج ہر حال میں منظم کریں گے۔
سنگارینی جاگروتی نے ریل روکو پروگرام کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کیا ہے ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 16، 17 اور 18 جولائی کو ریل میں سفر کا پروگرام نہ بنائیں۔