حیدرآباد میں کرشن جنم اشٹمی جلوس کے رَتھ پر برقی تار لگ گیا ، 5 افراد ہلاک

حیدرآباد: رامنتاپور کے گوکول نگر علاقے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب کرشن جنماشٹمی تقاریب کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا۔ جلوس میں شامل رَتھ اچانک اوپر سے گزرتی برقی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں 5 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق جلوس میں رَتھ کھینچنے والا ٹریکٹر اچانک خراب ہوگیا، جس کے بعد نوجوانوں نے رَتھ کو ہاتھوں سے کھینچنا شروع کیا۔ اسی دوران رَتھ برقی کی تاروں سے چھو گیا اور 9 افراد جھٹکے کی زد میں آگئے۔ متاثرین میں سے پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، حالانکہ موجود افراد نے سی پی آر دینے کی بھی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملی۔
زخمیوں کو قریبی پرائیویٹ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ مرنے والے افراد کی شناخت کرشنا یادو (21)، سریش یادو (34)، سری کانت ریڈی (35)، رُدرا وکاس (39) اور راجندر ریڈی (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے گاندھی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمیوں میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کے سیکیورٹی گارڈ سرینواس بھی شامل ہیں۔