تلنگانہ

35 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارہ میں زندگی کی جنگ – کاغذ نگر کے ڈاکٹر حسیب الحق نے سی پی آر دے کر جان بچائی

انڈی گو پرواز میں ڈاکٹر حسیب الحق کی بروقت کارروائی، سی پی آر دے کر مسافر کی جان بچا لی

 

تلنگانہ کے کاغذ نگر ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے  نوجوان ڈاکٹر حسیب الحق نے انڈیگو ایئرلائن کی ایک پرواز کے دوران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مسافر کی جان بچا لی۔ ڈاکٹر حسیب الحق دبئی سے ہندوستان آ رہے تھے کہ دورانِ پرواز اچانک ایک مسافر کی طبیعت شدید خراب ہو گئی۔

 

پرواز میں اعلان کیا گیا کہ اگر کوئی ڈاکٹر موجود ہو تو فوری مدد فراہم کرے۔ اس اعلان پر ڈاکٹر حسیب الحق نے فوراً آگے بڑھ کر مسافر کا معائنہ کیا اور انڈی گو کے میڈیکل کٹ کا استعمال کرتے ہوئے سی پی آر دیا۔ اس وقت طیارہ تقریباً 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔

 

یہ واقعہ انڈیگو کی پرواز نمبر 6E کے دوران پیش آیا۔ بروقت طبی امداد کے باعث مسافر کی جان بچ گئی اور اس کی حالت مستحکم ہو گئی۔ بعد ازاں انڈی گو ایئرلائن کی جانب سے ڈاکٹر حسیب الحق کو سرکاری طور پر شکریہ ادا کیا گیا اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا، جس کی اطلاع انہیں ایئرلائن کی آفیشل ای میل کے ذریعے دی گئی۔

 

ایئرلائن حکام کے مطابق اگر پرواز میں ڈاکٹر موجود نہ ہوتے تو ہنگامی لینڈنگ بنگلہ دیش میں کرنی پڑتی۔ آصف آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حسیب الحق کو اللہ تعالیٰ نے ایک جان بچانے کا ذریعہ بنایا، جس پر ہر طرف سے ان کی ستائش کی جا رہی ہے۔ واقعی یہ ایک قابلِ فخر اور قابلِ تقلید کارنامہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button