تلنگانہ لوک سبھا پولنگ _ تین بجے تک ریاست بھر میں 52 فیصد پولنگ ، حیدرآباد ابھی بھی پیچھے

حیدرآباد _ 13 مئی ( اردولیکس) تلنگانہ ریاست کی 17 لوک سبھا سیٹوں کے ساتھ کنٹونمنٹ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے تین بجے تک ریاست بھر میں 8 گھنٹے کے دوران 52 اعشاریہ 34 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی۔ سب سے زیادہ کھمم 63 اعشاریہ 67 اور سب سے کم حیدرآباد پارلیمانی حلقہ میں 29 اعشاریہ 47 فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی۔
حیدرآباد شہر میں پولنگ صبح سے ہی انتہائی سست رفتار سے چل رہی ہے پولنگ بوتھس پر کہیں بھی طویل قطار دیکھی نہیں گئی۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان گھروں پر دستک دے رہے ہیں جس سے پولنگ میں معمولی اضافہ ہوا ہے
۔ ریاست بھر میں 3.32 کروڑ لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ حکام نے ان کے لیے 35,809 مراکز قائم کیے ہیں۔ انتخابی میدان میں 525 امیدوار ہیں اور ان میں 50 خواتین ہیں۔ کنٹونمنٹ اسمبلی ایریا میں 2.51 لاکھ ووٹرز کے لیے 232 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 13 اسمبلی حلقوں میں شام 4 بجے تک اور 106 حلقوں میں شام 6 بجے تک پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔
ریاست میں 2,08,163 لوگ پہلے ہی ووٹ ڈال چکے ہیں۔ معذور افراد اور 85 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں نے مرکزی الیکشن کمیشن کی طرف سے گھر سے ووٹنگ کی سہولت کے ساتھ اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ 1.88 لاکھ ملازمین نے بھی ووٹ ڈالا۔ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے 2.94 لاکھ لوگ پولنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں