’ماجد حسین زندہ باد‘ کے نعروں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام، محبوب نگر ضلع مجلس کا احتجاج
نارائن پیٹ، 15 دسمبر (اردو لیکس): محبوب نگر ضلع کے مجلس اتحاد المسلمین کے قائدین نے اٹکور، ضلع نارائن پیٹ میں گرام پنچایت انتخابات کے دوران مجلس کی انتخابی ریالی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی مبینہ اشتعال انگیز ویڈیو کو جھوٹا، بے بنیاد اور شرپسندی پر مبنی قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔
جابر بن سعید الجابری، انچارج کوآرڈینیٹر مجلس متحدہ ضلع محبوب نگر، محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ صدر مجلس ضلع محبوب نگر، سید سعادت اللہ حسینی صدر ٹاؤن مجلس اور سابق فلور لیڈر محمد عبدالقادر صدر ضلع مجلس نارائن پیٹ نے بتایا کہ نامپلی حلقہ کے مجلسی رکن اسمبلی ماجد حسین کے دورۂ اٹکور کے موقع پر نکالی گئی
انتخابی ریالی کے دوران بابائے دستور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر گلپوشی کی گئی تھی۔ اس موقع پر مجلس کارکنوں نے ماجد حسین زندہ باد کے نعرے لگائے، تاہم بعض شرپسند عناصر، بالخصوص بی جے پی سے وابستہ افراد نے ان نعروں کو غلط رنگ دیتے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے قرار دے کر ایک من گھڑت ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی۔
مجلسی قائدین نے الزام عائد کیا کہ مجلس کے شاندار جلوس اور عوامی پذیرائی سے بوکھلاہٹ کے شکار عناصر نے جان بوجھ کر جھوٹا پروپگنڈہ پھیلا کر مجلس کی انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ انہوں نے انتخابی حکام اور اٹکور و نارائن پیٹ پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس شرپسندانہ مہم کو فوری طور پر روکا جائے، قصورواروں کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے اور وائرل ویڈیو کے جھوٹا ہونے سے متعلق سرکاری وضاحت جاری کی جائے۔
قائدین نے واضح کیا کہ مجلس اتحاد المسلمین اور مسلمان ملک کے وفادار، سیکولر شہری ہیں اور اسلام میں وطن سے محبت کو ایمان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر ملک دشمنی یا غداری کے الزامات بے بنیاد اور قابل مذمت ہیں۔
اس موقع پر مجلسی قائدین نے اٹکور کے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے جھوٹے پروپگنڈے کا شکار نہ ہوں اور مجلس اتحاد المسلمین کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں، تاکہ مجلس مظلوم، پسماندہ اور دبے کچلے طبقات کی مؤثر آواز بن سکے۔



