ایم بی بی ایس کی طالبہ بلدی انتخابات کے مقابلے میں
تلنگانہ میں 11 فروری کو ہونے والے بلدی انتخابات میں ونپرتی ضلع کے پیبیر بلدیہ میں ایک اور میڈیکل کی طالبہ نے عوامی خدمت کے انتخابی میدان میں قدم رکھا ہے
۔ حال ہی میں منعقدہ پنچایت انتخابات میں ایٹی گڈہ شاخاپورم کے سرپنچ عہدے کے لیے ایم بی بی ایس کی طالبہ نکھیتا نے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسی طرز پر اب بلدی انتخابات میں بھی ایک اور میڈیکل طالبہ میدان میں اتری ہیں۔
پیبیر میونسپلٹی میں کونسلر کے عہدے کے لئے پاوتھرا نامی میڈیکل طالبہ نے جمعہ کے روز اپنا نامزدگی پرچہ داخل کیا۔ انہوں نے ایس سی خواتین کے لیے محفوظ چوتھے وارڈ سے بی آر ایس کی جانب سے نامزدگی داخل کی ہے۔ پاوتھرا ونپرتی سرکاری میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کے چوتھے سال کی طالبہ ہیں۔
اس موقع پر پاوتھرا نے بتایا کہ سیاست میں دلچسپی کے باعث انہوں نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے سابق وزیر نرنجن ریڈی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اور ان کے والد مہیش پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ دے کر حوصلہ افزائی کی۔



