تلنگانہ کے میدک ضلع میں تباہ کن بارش سے کئی مکانات پانی میں ڈوب گئے ؛ عوام چھتوں پر پناہ لی

مسلسل اور طوفانی بارش کے نتیجے میں میدک ضلع کے کئی گاؤں سیلاب کی زد میں آ گئے ہیں۔بھاری بارش کے باعث دھوپ سنگھ تانڈا مکمل طور پر زیرِ آب آ گیا۔ گھروں میں پانی داخل ہو جانے پر دیہاتی جان بچانے کے لیے چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے
جس کے سبب گاؤں کے افراد نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل کی ہے۔میدک ٹاؤن میں بھی گزشتہ رات سے لگاتار بارش نے مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ گنگینی تھیٹر کے قریب واقع محبوب نالے میں کچرا جمع ہو جانے سے پانی کا بہاؤ رک گیا اور اطراف کے علاقے مکمل طور پر ڈوب گئے
۔ اس وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی 11ویں وارڈ کے سابق کونسلر سمیع الدین فوری حرکت میں آئے اور جے سی بی مشین کی مدد سے نالے میں جمع کچرے کو صاف کروا کر پانی کے بہاؤ کو بحال کروایا
۔ادھر میدک ضلع کے ہویلی گھن پور منڈل کے شامناپور گاؤں میں دیونی چیروو لبریز ہو کر اُبل پڑا جس سے گنگاپور کے مضافاتی کھیتوں اور شامناپور کے مکانات میں پانی داخل ہو گیا
۔ گاؤں کو جوڑنے والی سڑک بھی مکمل طور پر زیرِ آب آ گئی اور آمدورفت معطل ہو گئی۔ شامناپور گٹہ کے راستے گنگاپور جانے والی سڑک بھی تباہ ہو گئی۔ پرانے مکانات میں پانی داخل ہونے سے مقامی عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں