مدینہ بس سانحہ: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 44 متاثرہ خاندانوں میں پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ تقسیم کیا
تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران مدینہ بس سانحہ میں جاں بحق 44 حیدرآبادی افراد کے خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپے کے معاوضہ کے چیکس تقسیم کیے، جبکہ ایک زخمی کو تین لاکھ روپے امداد فراہم کی گئی۔
یاد رہے کہ 17 نومبر 2025 کو سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب پیش آئے ہولناک حادثے میں 44 افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کابینہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا،
حالانکہ بیرونِ ملک حادثات میں عموماً ریاستی حکومتیں امداد ادا نہیں کرتیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
اس موقع پر اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہرالدین،مجلس کے رکن اسمبلی محمد ماجد حسین ؛ سرکاری مشیر محمد علی شبیر، چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی، سی ایم او کے او ایس ڈی ویمولا سرینواسلو، حج کمیٹی کے چیئرمین خسرو پاشاہ، ٹی جی ایم آر ای آئی ایس کے وائس چیئرمین فہیم قریشی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے چیرمین عبیداللہ کوتووال بھی موجود تھے




