تلنگانہ میں می سیوا خدمات مہنگی: یوزر چارجس میں 80 فیصد تک اضافہ

تلنگانہ بھر کے می سیوا مراکز میں مختلف سرکاری خدمات اور بلوں کی ادائیگی پر وصول کیے جانے والے یوزر چارجس میں بھاری اضافہ کئے جانے کی اطلاعات ہیں
اطلاعات کے مطابق آئی ٹی و کمیونیکیشن محکمہ نے نئے احکامات جاری کیے ہیں، جن کے تحت پہلے کم از کم 35 روپے رہنے والی سروس فیس کو بڑھا کر 62 روپے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ نئی قیمتیں آج (یکم اپریل 2026) سے نافذ العمل ہوں گی۔
نئی ترمیم کے مطابق فوری فراہم کی جانے والی اے کیٹیگری خدمات (جیسے سرٹیفکیٹ پرنٹ وغیرہ) کے لیے 62 روپے وصول کیے جائیں گے، جبکہ آمدنی، ذات، رہائش جیسے سرٹیفکیٹس پر مشتمل بی کیٹیگری خدمات کے لیے فیس 80 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ برقی بلوں کی ادائیگی، آر ٹی اے خدمات اور دیگر سرکاری درخواستوں پر بھی اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔ عام عوام کی جانب سے کثرت سے استعمال ہونے والی ان خدمات پر اچانک تقریباً 80 فیصد تک اضافہ کیے جانے کی خبروں پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔



