نتیش کمار کے خلاف آواز بلند، تلنگانہ کے کورٹلہ میں جماعتِ اسلامی شعبۂ خواتین کی آر ڈی او کو یادداشت
نتیش کمار کی نازیبا حرکت کے خلاف کورٹلہ میں خواتین کا زبردست احتجاج، صدرِ جمہوریہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ
بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے کے نازیبا واقعہ پر شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ اسی واقعہ کے خلاف تلنگانہ میں جماعتِ اسلامی شعبۂ خواتین، کورٹلہ کی جانب سے سخت احتجاج منظم کیا گیا۔
احتجاجی خواتین آر ڈی او آفس کورٹلہ پہنچیں، جہاں آر ڈی او اور ڈسٹرکٹ کلکٹر کے ذریعہ صدرِ جمہوریہ ہند کو ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بہار کے چیف منسٹر کی اس نامعقول اور خواتین کی توہین پر مبنی حرکت کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
احتجاج کی قیادت امیرِ مقامی الیاس احمد خان نے کی۔ اس موقع پر نازیہ تبسم (ضلعی ناظمہ)، شاہین بیگم (مقامی ناظمہ) اور عظمیٰ تبسم (معاون ناظمہ) نے خطاب کیا۔ عظمیٰ تبسم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے سماج میں خواتین کو عزت و وقار کا بلند مقام حاصل ہے، لیکن نتیش کمار کی اس نازیبا اور چھچھوری حرکت نے پورے ملک کی خواتین کی توہین کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر اپنی اس حرکت پر خواتین سے برسرِ عام معافی مانگیں۔
احتجاج میں وسیم، قیوم، مختار، عارف خان، مجیب، باری ایم پی جے اور نعیم کونسلر بھی موجود تھے اور احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی
آر ڈی او کی غیر موجودگی میں یادداشت ڈپٹی ایم آر او راج محمد کے حوالے کی گئی۔ اختتام پر امیرِ مقامی الیاس احمد خان نے احتجاج میں شریک تمام خواتین، بالخصوص غیر مسلم خواتین، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے احترام کے لئے یہ مشترکہ جدوجہد قابلِ ستائش ہے۔



