تلنگانہ

ایلاپلی ڈبل بیڈروم میں اردو میڈیم پرائمری اسکول کی منظوری پر میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹر و ڈی ای او کو تہنیت

ایلاپلی ڈبل بیڈروم میں اردو میڈیم پرائمری اسکول کی منظوری پر میوا و ٹی ایس پی ٹی اے کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹر و ڈی ای او کو تہنیت

 

نرمل، 7 جولائی (ایم۔اے۔وحید): ایلاپلی ڈبل بیڈروم میں اردو میڈیم پرائمری اسکول کی منظوری پر میوا اور ٹی ایس پی ٹی اے کے صدر شیخ شبیر علی کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے ایڈیشنل کلکٹر فیضان احمد، آئی اے ایس سے خیرسگالی ملاقات کرتے ہوئے اُنہیں تہنیت پیش کی اور اس اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

 

اس موقع پر وفد نے اردو میڈیم اسکولوں اور اردو اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کے لئے مؤثر اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔ دوسری جانب، اسکول کی منظوری کے لئے درکار انتظامی اقدامات پر ضلع مہتمم تعلیمات پی۔ راما راؤ کو بھی تہنیت پیش کی گئی اور ان کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا گیا۔

 

قابل ذکر ہے کہ سابق میں پنجہ شاہ اسکول کو ایلاپلی ڈبل بیڈروم منتقل کرتے ہوئے وہاں کے طلبہ کو نظرانداز کر دیا گیا تھا، حالانکہ اسکول کے یو ڈائس ریکارڈ میں 12 طلبہ درج تھے اور ان طلبہ کو تعلیم سے محروم کر دیا گیا، جس پر ٹی ایس پی ٹی اے اور میوا کے صدر شیخ شبیر علی نے نوٹس لیتے ہوئے نہ صرف متعلقہ ذمہ داران بلکہ تلنگانہ ریاستی ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اکونوری مرلی،(ریٹارئرڈ آئی اے ایس) سے 5 دسمبر 2024 کو ملاقات کی، اور ایلاپلی میں ایک نئے اردو میڈیم پرائمری اسکول کے قیام کے ساتھ ساتھ پنجہ شاہ اسکول کو سابقہ مقام پر دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

اس مطالبہ کے پیشِ نظر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے متعلقہ عہدیداروں کو فوری ضروری اقدامات کی ہدایت دی، جس کے بعد ٹی ایس پی ٹی اے و میوا کے ذمہ داران نے ڈی ای او راما راؤ سے ملاقات کرکے نئے اسکول کے قیام کے لئے باضابطہ تجویز روانہ کروائی۔ تمام ضروری کارروائیوں کے بعد ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن نے ڈبل بیڈروم ایلاپلی میں اردو میڈیم پرائمری اسکول کے قیام کو منظوری دے دی۔

 

علاوہ ازیں، 6 جون 2025 سے قبل ایلاپلی ڈبل بیڈروم کے لئے کورٹیکل اسکول کے ایک ٹیچر کا ڈپیوٹیشن عمل میں لایا گیا اور پنجہ شاہ کے ٹیچر کو ان کے سابقہ اسکول میں خدمات انجام دینے کی ہدایت ڈی ای او کے ذریعے جاری کروانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔

 

اس موقع پر صدر ضلع ٹی ایس پی ٹی اے شیخ شبیر علی نے کہا کہ ٹی ایس پی ٹی اے اور میوا ہمیشہ اردو اسکولوں اور اردو اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے کام کررہی ہیں اور آئندہ بھی کسی اردو اسکول کو غیر ضروری طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

 

نمائندہ وفد میں ٹی ایس پی ٹی اے کے ضلع جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد معراج، میوا کے ریاستی نائب صدر زیڈ ایچ مسعود، نرمل کے معاون صدر سید سرفراز، اور خازن شیخ فاضل بھی شامل تھے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button