حیدرآباد کے عنبر پیٹ میں شر انگیزی کی کوشش سے کشیدگی

حیدرآباد: جمعرات کی رات شیواجی جینتی کے موقع پرعنبر پیٹ علاقہ میں نماز تراویح کے دوران جامع مسجد کے پاس بعض اشرار نے شر انگیزی کی کوشش کی۔ مقامی افراد کے مطابق جامع مسجد عنبر پیٹ میں
آج رات تراویح کی نماز ادا کی جارہی تھی کہ اس دوران شیواجی جینتی کا جلوس مسجد کے پاس پہنچا، جلوس میں اونچی آواز سے ریکارڈنگ لگائی گئی تھی اور دانستہ طورپر نماز میں خلل اندازی کی کوشش کی گئی
اور شر انگیزی کرتے ہوئے نعرہ بازی بھی کی گئی۔ اس حرکت کی وجہہ سے مسجد میں نماز ادا کرنے والے مصلیوں کو پریشانی ہوئی اور ان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اسی دوران مقامی نوجوان وہاں جمع ہوگئے
اس دران جلوس میں شامل شرکا اور مقامی نوجوان کچھ دیر کیلئے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوگئے جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری جمیت یہاں طلب کرلی گئی ڈی سی پی دکشنا مورتی بھی رات دیر گئے
یہاں پہنچ گئیں انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عنبر پیٹ جامع مسجد کے پاس بعض لوگ جمع ہوگئے تھے جس کے ساتھ ہی پولیس کے عملہ اور حکام یہاں پہنچ گئے اور اس وقت صورتحال قابو میں ہے۔
انھوں نے تیقن دیا کہ اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔



