سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو ناشتہ کے ساتھ دودھ بھی دینے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو ناشتے کے ساتھ روزانہ دودھ بھی فراہم کیا جائے گا، اور دودھ صرف وجیا ڈیری سے حاصل کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ طلبہ کو فراہم کی جانے والی غذا میں شامل کیلوریز کا درست حساب رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔
چیف منسٹر نے بتایا کہ اس تعلیمی سال سے یونیفارم اور درسی کتابوں کے ساتھ ایک خصوصی کٹ بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کٹ میں اسکول بیگ، پین، پنسلیں، شارپنر، رنگین پنسلیں، جیومیٹری باکس، لغت، جوتے اور موزے شامل ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اسکیم کے لیے درکار مکمل رقم کو بجٹ میں شامل کیا جائے۔
ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ پولی ٹیکنک کالجوں اور اے ٹی سی مراکز میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید کورسز فوری طور پر شروع کئے جائیں اور پرانے و غیر مؤثر کورسز کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کورس مکمل کرنے والے طلبہ کو مختلف صنعتوں میں فوری روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ تعلیم اور روزگار کے درمیان مضبوط ربط قائم ہو۔
چیف منسٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کو مناسب فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جامعہ عثمانیہ کے لیے پہلے ہی ایک ہزار کروڑ روپے مختص کئے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر جامعات کی ضروریات کا تخمینہ لگانے کے لیے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔



