بقرعید کے پیش نظر جانوروں کی منتقلی پر غیر سماجی عناصر کی جانب سے مشکلات کا سامنا۔ اقلیتی کمیشن کی جانب سے محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو اقدامات کیلئے مکتوب

بقرعید کے پیش نظر جانوروں کی منتقلی پر غیر سماجی عناصر کی جانب سے مشکلات کا سامنا۔ اقلیتی کمیشن کی جانب سے محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو اقدامات کیلئے مکتوب
نظام آباد:27/ مئی (اردو لیکس) ریاستی چیرمین اقلیتی کمیشن جناب طارق انصاری نے تلنگانہ جمعیت القریش کی جانب سے اقلیتی کمیشن کو بقرعید کے پیش نظر مکتوب موصول ہونے پر اقلیتی کمیشن کی جانب سے ریاستی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، کمشنر پولیس حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ گنڈہ کے پولیس کمشنرس کو قریش برادری کے درپیش مسائل کے ضمن میں ایک مکتوب ارسال کرتے ہوئے اس خصوص میں فوری طور پر موثر اقدامات کرنے اور غیر سماجی عناصر کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
تلنگانہ جمعیت القریش نے اقلیتی کمیشن کو اس بات سے واقف کروایا کہ بقرعید کے موقع پر جانوروں کی مختلف مقامات پر منتقلی پر بعض غیر سماجی عناصر کی جانب سے مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جانوروں کے جرمانہ کی ادائیگی کے بعد بھی جانوروں کو غیر ضروری طور پر ضبط کیا جارہا ہے اور ان جانوروں کو پرائیوٹ گوشالوں میں منتقل کیا جارہاہے۔
اس لئے اقلیتی کمیشن سے مداخلت کرنے اور اس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔ اقلیتی کمیشن نے حکومت کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے تناظر میں تجویز پیش کی کہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ گوشالوں میں ان جانوروں کو رکھا جائے
اورپرائیوٹ گوشالوں میں جانوروں کو منتقل کرنے سے گریز کیا جائے۔ تحقیقات اور جرمانہ کی رقم وغیرہ وصول کرنے کے بعد ا ن جانوروں کو چھوڑا جاسکتا ہے۔