تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری: اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ پر نئے احکامات جاری

تلنگانہ حکومت کا اقلیتی طلبہ کیلئے بڑا فیصلہ، اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم پر عمل درآمد کے احکامات جاری
حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمۂ اقلیتی بہبود نے ریاست کے اقلیتی طلبہ و طالبات کیلئے اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت نئے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سلسلے میں میمو نمبر 9335/م۔ب/2016 مؤرخہ 05 مارچ 2026 جاری کیا گیا، جس میں تعلیمی فروغ کیلئے مختلف سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق اسکولوں، کالجوں، ٹیکنیکل اداروں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم اقلیتی طلبہ کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ طلبہ کو اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کی سہولت بھی دی جائے گی، جبکہ پیشہ ورانہ کورسز جیسے ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ میں زیر تعلیم طلبہ کو ترجیح حاصل ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری کے ساتھ ساتھ منظور شدہ نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ بھی اس اسکیم سے استفادہ کر سکیں گے۔ لڑکے اور لڑکیاں دونوں اس سہولت کے اہل ہوں گے، اور اسکالرشپ کی رقم براہ راست طلبہ کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے گی۔
مزید برآں طلبہ کیلئے داخلہ، حاضری اور دیگر ضروری شرائط کی پابندی لازمی قرار دی گئی ہے۔ یہ اسکیم صرف اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کیلئے مخصوص ہوگی۔
حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ یہ احکامات گورنر تلنگانہ کے حکم سے جاری کئے گئے ہیں، جبکہ اس کی نقل تمام یونیورسٹیوں کے رجسٹرار، پرنسپل حضرات اور ضلع کلکٹرس کو روانہ کر دی گئی ہے۔



