کرکٹ کے میدان سے سیاست کے ایوان تک — محمد اظہرالدین نے وزیر کی حیثیت سے حلف لیا – ریونت ریڈی کابینہ میں نیا چہرہ
 
 حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کانگریس لیڈر محمد اظہرالدین نے جمعہ کو راج بھون میں ایک شاندار تقریب کے دوران وزیر کی حیثیت سے حلف لیا۔ گورنر تلنگانہ جیشنو دیو ورما نے اظہرالدین سے رازداری کا حلف لیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، ریاستی کابینہ کے متعدد وزراء، کانگریس کے ارکان اسمبلی و قانون ساز کونسل، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر معززین بڑی تعداد میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق، اظہرالدین کو ریاستی حکومت میں اقلیتی بہبود، کھیل و نوجوانان امور کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے۔ اظہرالدین کے حلف کے ساتھ ہی ریونت ریڈی کابینہ میں ایک اور اہم اضافہ ہوا ہے، جسے کانگریس حلقوں میں خوش آئند قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اظہرالدین کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ 8 فروری 1963 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ 1984 میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھتے ہی وہ اپنی شاندار بیٹنگ، نفیس انداز اور شاندار قیادت کے سبب عالمی شہرت حاصل کر گئے۔ اظہرالدین نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 99 ٹیسٹ میچوں اور 334 ون ڈے میچوں میں ملک کی نمائندگی کی۔ ان کی کپتانی میں بھارت نے کئی یادگار فتوحات حاصل کیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے سیاسی میدان میں قدم رکھا اور 2009 میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مرادآباد (اترپردیش) سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد وہ ریاستی سیاست میں سرگرم ہوگئے اور حالیہ برسوں میں تلنگانہ کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
حلف برداری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ وہ تلنگانہ کے نوجوانوں اور اقلیتوں کی ترقی کے لیے پوری دیانتداری سے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ، روزگار کے مواقع اور اقلیتوں کی فلاحی اسکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
راج بھون میں منعقدہ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ کھیلوں سے وابستہ کئی سابق کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اظہرالدین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
 
 


