تلنگانہ

تلنگانہ میں ’مونتھا‘ طوفان کی تباہ کاریاں — 6 اضلاع میں اسکولوں کو تعطیل ؛ ریڈ الرٹ،

’مونتھا‘ طوفان کے اثرات سے تلنگانہ میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات  نے نلگنڈہ ؛ محبوب آباد ؛ مُلّگ، بھدرادری کوتہ گوڑم  محبوب نگر اور کھمم اضلاع میں آج کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ حکام نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اور ان اضلاع میں اسکولس کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے

 

کھمم ؛ کتہ گوڑم اور ملگ ضلع میں پہلے ہی تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے، اب نلگنڈہ اور محبوب آباد اضلاع میں بھی اسکولوں کی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کو گھر سے باہر نہ جانے دیں۔

 

گزشتہ شب ’مونتھا‘ طوفان نے آندھرا پردیش کے انتر ویدی پالیم کے ساحل کو چھوا، جس کے بعد تلنگانہ کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو رہی ہیں۔

 

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ دو دنوں تک ریاست بھر میں درمیانی سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔ مُلوگو، بھدرادری کوتہ گوڑم اور کھمم ریڈ الرٹ پر ہیں، جبکہ منچریال، پداپلی، بھوپال پلی، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ، محبوب آباد، ورنگل، ہنمکنڈہ، عادل آباد، نظام آباد اور کریم نگر اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

 

اسی طرح کمرم بھیم آصف آباد، جگتیال، سدی پیٹ، یادادری بھونگیر اور ناگر کرنول اضلاع میں ایلّو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

 

محبوب نگر ضلع میں ضلع کلکٹر پروین کمار نے تمام سرکاری و خانگی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا۔ محبوب آباد میں بھی کلکٹر ادویت کمار سنگھ نے اسکول بند رکھنے کے احکامات دیے، جس کے سبب آج ہونے والے سہ ماہی امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔

 

ادھر کھمم اور نلگنڈہ اضلاع کے کلکٹرز انودیپ دوریشیٹی نے بھی اسکولوں کی بندش کا حکم دیا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ طوفانی موسم کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button