تلنگانہ کے نرمل ضلع کے جنگلات میں شیر کی نقل و حرکت سے عوام میں سنسنی

نرمل – 11 نومبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے نرمل ضلع میں شیروں کی نقل و حرکت سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول برقرار ہے۔ اطلاعات کے مطابق مدہول تعلقہ کے مختلف دیہات جیسے کنٹلا , سوریہ پور، میڈن پور، امبوگم، اور پینگل پہاڑ کے جنگلاتی علاقوں میں شیر گھومتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، جس سے گاؤں والوں اور چرواہوں میں شدید بےچینی پائی جا رہی ہے۔ لوگوں کو اب بھی ان علاقوں میں شیر دیکھنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس سے علاقے میں افواہوں اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اتوار کی رات عادل آباد اور نرمل کے سرحدی علاقے میں ایک شیر کو گھاٹیوں میں گھومتے اور سڑک پار کرتے دیکھا گیا، جس کا ویڈیو گاڑی میں سفر کرتے ہوئے کچھ نوجوانوں نے بنائی۔ اس ویڈیو میں بڑے شیر کو بے خوفی سے سڑک پار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے اور ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
حکام نے عوام کو انتباہ کیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور جنگلاتی علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔ متعلقہ ادارے اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ جنگلاتی عہدیداروں نے حفاظتی اقدامات کو مزید بڑھانے کا تیقن دیا ہے تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔