تلنگانہ میں بلدیات اور کارپوریشن کے چیئرمین اور میئر کے 16 فروری کو انتخابات

ریاستی الیکشن کمیشن نے میئر، ڈپٹی میئر کے ساتھ میونسپل چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن کے انتخابات سے متعلق جامع رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں
۔ میونسپل انتخابات کی گنتی 13 فروری کو مکمل ہونے کے بعد اسی ماہ کی 16 تاریخ کو ان عہدوں کے لیے بالواسطہ انتخاب عمل میں آئے گا، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے سی ڈی ایم اے اور تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی ہے کہ بالواسطہ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ہر مرحلے پر خصوصی توجہ دی جائے اور قانونی و انتظامی تقاضوں کو سختی سے پورا کیا جائے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور پُرامن انداز میں مکمل ہوسکے۔
کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ خصوصی اجلاس سے قبل انتخاب کے لیے درکار تمام ضروری دستاویزات میونسپل کمشنروں سے حاصل کرلی جائیں، اجلاس کی کارروائی باقاعدہ طریقے سے منعقد کی جائے اور نتائج کی بروقت اطلاع کمیشن کو فراہم کی جائے تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا تنازع پیدا نہ ہو۔



