تلنگانہ

سَنکرانتی کے بعد تلنگانہ میں بلدی انتخابات کا امکان

حیدرآباد _ سَنکرانتی کے بعد تلنگانہ میں بلدی انتخابات کا امکان ہے اطلاعات کے مطابق سَنکرانتی کے بعد کسی بھی وقت بلدی انتخابات کے شیڈول کے اجرا کا امکان ہے

 

۔ اسی تناظر میں ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ بلدی انتخابات میں چیف منسٹر ریونت ریڈی خود انتخابی مہم چلائیں گے۔ ماضی میں بھی بلدی انتخابات کے دوران چیف منسٹرس کی مہم چلانے کی روایت رہی ہے، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی مہم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

ریونت ریڈی نے 3 فروری سے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا آغاز پالَمورو ضلع سے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جَڑچرلہ میں مہم کا آغاز ہوگا جہاں ایک عوامی جلسے سے چیف منسٹر خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریاست بھر کے چھ تا سات مشترکہ اضلاع کا دورہ بھی کریں گے، جس کے لئے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

 

ان انتخابات کو برسرِاقتدار کانگریس پارٹی نہایت سنجیدگی سے لے رہی ہے، اور یہ انتخابات پارٹی نشان پر منعقد ہوں گے۔ اس ماہ کی 10 تاریخ تک وارڈ سطح کی ووٹر لسٹوں کو قطعیت دی جائے گی، جس کے بعد پولنگ مراکز کی تعیین کے لئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔

 

اسی دوران ڈیڈی کیٹڈ کمیشن کی رپورٹ حاصل کر کے کابینہ سے منظوری لی جائے گی، جس کے بعد میئر اور چیئرمین کے عہدوں کے لئے ریزرویشن کو قطعیت دی جائے گی

 

۔ ضلع کلکٹرز وارڈ ریزرویشن کی منظوری دے کر فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال کریں گے، جس کے بعد الیکشن کمیشن باضابطہ انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button