تلنگانہ بلدی انتخابات – تقریباً 3 ہزار وارڈس کے لئے 28 ہزار سے زائد پرچہ نامزدگیاں داخل – کانگریس کو باغی امیدواروں سے پریشانی

تلنگانہ میں بلدی انتخابات کے لیے نامزدگیاں داخل کرنے کا مرحلہ جمعہ کو مکمل ہو گیا، جس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ 7 میونسپل کارپوریشنوں اور 116 میونسپلٹیوں کے لیے مجموعی طور پر 28,456 امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں ہیں کانگریس کو باغی امیدواروں سے پریشانی ہے
الیکشن حکام کے مطابق ابتدائی دو دنوں میں 9,276 نامزدگیاں داخل ہوئیں، تاہم آخری دن جمعہ کو دفاتر کے باہر غیر معمولی ہجوم دیکھنے میں آیا اور صرف ایک دن میں 19,180 نامزدگیاں داخل کی گئیں، جس سے انتخابی فضا مزید گرم ہو گئی۔
آج سے نامزدگیوں کی جانچ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس میں کاغذات کی باریک بینی سے جانچ کی جائے گی۔ انتخابی ضابطوں کے مطابق مسترد ہونے والی نامزدگیوں کے خلاف امیدواروں کو یکم اور 2 فروری کو اپیل داخل کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
سیاسی جماعتوں میں جوش و خروش عروج پر ہے، جبکہ آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد نے بھی انتخابی میدان میں اتر کر مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں نامزدگیوں کی واپسی اور انتخابی مہم کے آغاز کے ساتھ ہی بلدی سیاست مزید رنگ اختیار کرنے والی ہے۔



