ٹریفک چالان کرتے ہی اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی جائے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ کا اعلان

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک میں ہر منٹ ایک ٹریفک حادثہ ہو رہا ہے اور ہر تین منٹ میں کسی نہ کسی کی جان جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو والدین کی جانب سے گاڑیاں دینا اور ڈرنک اینڈ ڈرائیو زیادہ تر حادثات کی بڑی وجوہات ہیں
اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات پر سخت کارروائی کرے۔یہ بات انہوں نے حیدرآباد کے یوسف گوڑہ اسٹیڈیم میں “Arrive Alive” پروگرام میں کہی جس کا مقصد روڈ حادثات میں کمی لانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گاڑیوں کی رفتار کے مطابق جرمانے لگائے جاتے ہیں لیکن ڈسکاؤنٹ دے کر حادثات کو کم کرنے کی سوچ ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے
اس لیے آئندہ ٹریفک جرمانوں پر کوئی چھوٹ نہ دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ اگر کوئی بھی گاڑی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے تو مالک کے بینک اکاؤنٹ سے خودکار طور پر جرمانے کی رقم کٹ جائے اور یہ انتظام گاڑی کی رجسٹریشن کے
وقت مالک کے بینک اکاؤنٹ سے لنک کر کے کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر حادثات میں نوجوان ملوث ہوں تو ان کے والدین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔



