ناگرجناساگر کے 24 دروازے اور کڑم پراجیکٹ کے دو دروازے کھول دیے گئے – تلنگانہ بھر میں بارش کا سلسلہ جاری

تلنگانہ بھر میں جاری مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی پراجکٹس خطرہ کے نشان تک پہنچ گئے ہیں جس کے پیش نظر کئی پراجکٹس کے دروازے کھول کر پانی چھوڑا جا رہا ہے
نلگنڈہ کے ناگرجنا ساگر ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ کے باعث ڈیم کے 24 دروازے کھول کر پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ پانی کا بہاؤ 1,74,533 کیوسک فٹ اور اخراج 2,33,041 کیوسک فٹ ہے۔ موجودہ پانی کی سطح 589.30 فٹ ہے جو ڈیم کی مکمل سطح 590 فٹ کے قریب ہے۔ ڈیم کی کل ذخیرہ صلاحیت 312.04 ٹی ایم سی ہے جو اس وقت 309.95 ٹی ایم سی پر ہے۔
پانی چھوڑنے کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ آبپاشی پانی کے بہاؤ کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ نیچے کے بیراج اور ذخائر کو محفوظ رکھا جا سکے۔ پانی کی اس مقدار سے زرعی سیزن میں پانی کی فراہمی یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
اسی طرح نرمل ضلع کے کڑ پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر سیلابی پانی داخل ہورہا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار چوکس ہوکر دو گیٹ کھول کر پانی نچلی سمت چھوڑ رہے ہیں۔
ذخیرہ آب کی مکمل سطح 700 فٹ ہے جبکہ موجودہ سطح 695.300 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے اطراف کے علاقوں میں رہنے والے عوام کو محتاط رہنے کا انتباہ دیا ہے۔ اوپری علاقوں میں جاری بارش کے سبب پانی کے اخراج میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔