نسیم عارفی ’اردو میڈیا ایوارڈ یافتگان کا اعلان،قربان علی کو کارنامہ حیات ایوارڈ، حیدرآباد کے سجاد الحسنین اورمحمد ارشد بھی شامل

تصویر سجاد الحسنین
سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن نے اولین نسیم عارفی ’اردو میڈیا ایوارڈس‘ جیتنے والے صحافیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک معتبر پینل نے کارنامہ حیات ایوارڈکے لئے دہلی میں مقیم معروف سینئر کثیر لسانی صحافی قربان علی کو صحافتی میدان میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا ہے۔
تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں کے زمرے میں یہ ایوارڈ سید سجاد الحسنین اور محمد ارشد کو دیا جائے گا، جو تقریباً تین دہائیوں سے اردو صحافت سے وابستہ ہیں۔ ملک کے دیگر حصوں سے نوجوان اردو فیکٹ چیکر محمد زکریا (بہار) اور فیچر رائٹر رشدہ شاہین (دہلی) کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
دونوں نے اردو میں معیاری اور اثر انگیز صحافتی مواد تخلیق کیا ہے۔سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ ایوارڈز ممتاز اردو صحافی مرحوم نسیم عارفی کی یاد میں شروع کیے گئے ہیں، جنہوں نے 50 سال سے زائد عرصہ تک اردو صحافت کی خدمت کی اور اس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فاؤنڈیشن ان ایوارڈس کو ابتدا میں آنے والے دس سال تک ایک سالانہ روایت کے طور پر جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ایوارڈ کے لیے انتخابی عمل ایک معتبر پینل کے ذریعہ انجام دیا گیا، جس میں معزز صحافی، صحافت کے اساتذہ اور دانشور شامل تھے،
جنہوں نے مختلف معیارات کی بنیاد پر فاتحین کو منتخب کیا۔سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن کے بانی منیجنگ ٹرسٹی پروفیسر سید بشارت علی کے مطابق ایوارڈ جیتنے والے صحافیوں کو فی کس 15 ہزار روپے نقد انعام اور ایک توصیفی سند پیش کی جائے گی، جبکہ خصوصی ایوارڈ (کارنامہ حیات) اعزازی ہوگا۔ ایوارڈ کی تقریب مورخہ 12 اپریل کو بوقت شام ساڑھے چار بجے تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس بلڈنگ، فتح میدان عابدس، حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔
میڈیا اکادمی تلنگانہ حکومت کے چیئرمین کے سرینواس ریڈی اس تقریب کی صدارت کریں گے، جب کہ ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر سی ایچ کرن بحیثیت مہمانِ خصوصی اس تقریب میں شریک ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا ”یہ ایوارڈ اردو صحافت سے جڑے سچائی، دیانتداری اور تنوع کے اصولوں پر کاربند صحافیوں کی خدمات کو سراہنے کی ایک کوشش ہے نیز اس کا مقصد اردو صحافیوں کی نسل نو کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ اردو صحافت کے معیار کو بلند کرنا ہے۔“سی ای ٹی آئی فاؤنڈیشن ایک رضاکار تنظیم ہے
جو سماجی طور پر پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد 1980 میں جناب بشیر الدین بابو خان، جناب سید عبدالولی قادری اور پروفیسر ایم این افضل جیسے بصیرت رکھنے والی شخصیات نے ڈالی اور اس نے روزِ اول سے ہی سماجی، تعلیمی اور ثقافتی مسائل کے سدباب پر توجہ مرکوز کی۔
سال 2011 میں اس کو سرکاری طور پر سی ای ٹی آئی فاونڈیشن کے طور پر رجسٹر کیا گیا اور پروفیسر سید بشارت علی اس کے بانی منیجنگ ٹرسٹی کے بطور خدمات انجام دے رہے ہیں۔