کریمنگر میں نیٹ امتحان ،3 منٹ کی تاخیر اور ماں بیٹی کا خواب چکنا چور

کریم نگر: کبھی کبھی زندگی کے فیصلے چند لمحوں کے محتاج ہوتے ہیں۔ اتوار کی صبح نیٹ (NEET) امتحان کا دن تھا۔ ہزاروں خواب آنکھوں میں سجائے نوجوان امتحانی مراکز کا رُخ کر رہے تھے۔
ان ہی میں ایک طالبہ بھیشامل تھی جو امتحان لکھنے کیلئے ویمول واڑہ سے اپنی ماں کے ہمراہ کریم نگر کے ویمنس ڈگری کالج پہنچی صرف تین منٹ کی تاخیر سے۔
لیکن ان تین منٹوں نے اُس طالبہ کا برسوں کا خواب چکنا چور کردیا، اُس ماں کی قربانیوں کا صلہ چھین لیا جس نے مزدوری کر کے زیور گروی رکھ کر قرض لے کر اپنی بیٹی کو کوچنگ دلوائی تھی۔ دروازے بند ہو چکے تھے۔ ماں نے منتیں کیں، ہاتھ جوڑے، آنکھوں سے اشک رواں تھے، زبان پر صرف ایک درخواست "میری بچی کو اندر جانے دیں، اُسے صرف ایک موقع دے دیں!”
مگر اصولوں کی زنجیروں میں جکڑے افسروں نے دل کی زبان سننے سے انکار کر دیا۔ اور بیٹی جو ایک ڈاکٹر بننے کا خواب لے کر اٹھی تھی دروازے کے باہر کھڑی صرف اپنی قسمت پر حیرت زدہ رہگئی۔ماں کی سسکیاں بیٹی کی خاموشی وہاں موجود میڈیا کے کیمرے کی آنکھ میں قید ہوگئی۔