تلنگانہ

نتیش کمار کی حرکت آئینی وعدوں سے انحراف اور مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ – مولانا جعفر پاشاہ کا مذمتی بیان

حیدرآباد، 20 دسمبر (راست) — مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے جامع مسجد دارالشفاء میں جمعہ کے خطاب کے دوران نتیش کمار کے حالیہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف مسلمانوں کے مذہبی حقوق پر کاری ضرب ہے بلکہ ہندوستان کے آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔

 

مولانا جعفر پاشاہ نے واضح کیا کہ حجاب کوئی سیاسی نشان، وقتی فیشن یا ذاتی ضد نہیں، بلکہ اسلام کا بنیادی حکم اور مسلمان عورت کی مذہبی شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ ہند کا آرٹیکل 25 ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے، مگر اس کے باوجود ایسے اقدامات کیے جانا افسوسناک ہے۔

 

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ نتیش کمار کا رویہ اقلیتوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف اور جمہوری دعوؤں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم کا نعرہ لگانے والی قیادت عملی میدان میں آتے ہی اکثریتی جذبات کے سامنے جھک جاتی ہے اور اقلیتوں کی مذہبی آزادی کو قربان کر دیتی ہے۔ ان کے مطابق حجاب کے معاملے میں نتیش کمار کا طرزِ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی مصلحت نے اصولوں کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔

 

مولانا جعفر پاشاہ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے نو نہالوں کو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی دلوائیں، نیز بچوں کو قرآنی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ سے روشناس کرائیں تاکہ آنے والی نسلیں اپنے دین و شناخت سے مضبوطی کے ساتھ جڑی رہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button