شہر نظام آباد کے ووٹر لسٹ میں اعتراضات پر مبنی نظام آباد اربن ایم ایل اے دھن پال سوریہ نارائنا کی کمشنر بلدیہ کو یادداشت
شہر نظام آباد کے ووٹر لسٹ میں اعتراضات پر مبنی نظام آباد اربن ایم ایل اے دھن پال سوریہ نارائنا کی کمشنر بلدیہ کو یادداشت
غلطیوں کو درست نہ کئے جانے پر احتجاج منظم کرنے کا انتباہ
نظام آباد:13/جنوری (اردو لیکس) رکن اسمبلی نظام آباد اربن دھن پال سوریہ نارائنا نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کارپوریشن نظام آبادکے انتخابات میں مئیر کی نشست پر بی جے پی پارٹی قبضہ کرنے کے خوف سے برسراقتدار کانگریس پارٹی نے فہرست رائے دہندگان میں دھاندلیاں کی ہے۔دھن پال سوریہ نارائنا نے آج میونسپل کمشنر دلیپ کمار سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں اور غلطیوں پر تبادلہ خیال کیا اور اعتراضات پر مبنی یادداشت پیش کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دھن پال سوریہ نارائنا نے الزام لگایا کہ ایک وارڈ کے ووٹروں کو جان بوجھ کر دوسرے وارڈ میں منتقل کیا گیا اور ہزاروں اہل ووٹروں کو فہرست سے حذف کردیا گیا۔انہوں نے مقامی عہدیداروں پرتنقید کی کہ انہوں نے فہرست رائے دہندگان کے مسودہ پر غلطیوں کا انبار بنادیا۔ دھن پال سوریہ نارائنا نے کہا کہ سروے میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ میونسپل الیکشن کمیشن بی جے پی کی کامیابی یقینی ہے۔
اس لئے برسراقتدار پارٹی شکست کے خوف سے رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عہدیدار برسراقتدار پارٹی کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ دھن پال سوریہ نارائنا نے مطالبہ کیا کہ زمینی سطح پر فہرست رائے دہندگان میں پائی جانے والی غلطیوں کو درست کیا جائے۔
ووٹرز کی وارڈ کے لحاظ سے تقسیم کی جائے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ووٹر لسٹ میں پائی جانے والی غلطیوں کو درست نہ کئے جانے پر بڑے پیمانے پر بی جے پی پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا جائیگا۔ ضرورت پڑنے پر وہ قانونی لڑائی لڑلیں گے۔



