تلنگانہ

اب گاڑی رجسٹریشن کے لئے آر ٹی اے دفتر جانے کی ضرورت نہیں

حیدرآباد _ اب کار یا بائیک خریدنے والوں کو رجسٹریشن کے لئے محکمۂ ٹرانسپورٹ کے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ ڈیلرز کے ذریعے وہیکل رجسٹریشن کے لیے شروع کیا گیا تجرباتی نظام کامیاب ہونے کے بعد آج سے باقاعدہ طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ آر ٹی اے حکام کے مطابق اب گاڑیوں کی رجسٹریشن براہِ راست شوروم میں ہی مکمل کی جا سکے گی۔

 

جوائنٹ ٹرانسپورٹ کمشنر چندرشیکھر گوڑ نے بتایا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ کمشنر کی ہدایت پر خصوصی سافٹ ویئر تیار کر کے اس کا تجرباتی طور پر استعمال کیا گیا، جو کامیاب رہا۔ اس موقع پر ’’ایلیویٹ زیڈ ایکس ایم ٹی فور وہیلر‘‘ کی رجسٹریشن مکمل کر کے گاڑی کے مالک کو سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا گیا۔

 

حکام کے مطابق ہفتہ سے نئی خریدی جانے والی بائیکس اور کاروں کی رجسٹریشن کے لیے مالکان کو آر ٹی اے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور تمام عمل شوروم میں ہی مکمل کیا جائے گا۔

 

اس نظام کے تحت مجاز ڈیلر مستقل رجسٹریشن کے لیے آن لائن درخواست دے گا، جس میں انوائس، فارم-21، فارم-22، انشورنس، پتہ کا ثبوت اور گاڑی کی تصاویر اپ لوڈ کی جائیں گی۔ محکمۂ ٹرانسپورٹ کے افسران جانچ کے بعد رجسٹریشن نمبر جاری کریں گے، جبکہ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے براہِ راست گاڑی کے مالک کو بھیجا جائے گا۔

 

واضح رہے کہ یہ سہولت صرف خانگی گاڑیوں یعنی بائیکس اور کاروں کے لئے لیے ہے، کمرشیل (ٹرانسپورٹ) گاڑیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button