کسی بھی ضلع کو ختم کرنے یا نیا ضلع بنانے کا کوئی منصوبہ حکومت کے زیرِ غور نہیں ہے : چیف منسٹر ریونت ریڈی

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ضلع کو ختم کرنے یا نیا ضلع بنانے کا کوئی منصوبہ حکومت کے زیرِ غور نہیں ہے۔ بھوپال پلی میں بلدی انتخابات کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھوپال پلی ضلع کو کانگریس پارٹی ختم کرنے والی ہے، اس طرح کی زہریلی افواہیں بعض افراد پھیلا رہے ہیں،
جبکہ وہ اس جلسے عام سے تلنگانہ کے چار کروڑ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ اگر کبھی اضلاع کی ازسرِ نو تقسیم پر کوئی فیصلہ لیا گیا تو عوام کو کھلے عام بتایا جائے گا، اسمبلی میں بحث ہوگی اور اپوزیشن کی تجاویز لینے کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کتنی ہی سازشیں اور غلط فہمیاں کیوں نہ پھیلائی جائیں، جئے شنکر بھوپال پلی ضلع کہیں نہیں جائے گا۔
ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کے سی آر یا مودی کی تصویریں دیکھ کر ووٹ دینے سے عوام دھوکہ کھائیں گے اور بعد میں پچھتائیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مسائل حل کرنے کے لیے کے سی آر آئیں گے یا فنڈز دلانے کے لیے مودی دہلی سے پہنچیں گے؟
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کے سی آر اور مودی صرف تصویریں دکھا کر ووٹ مانگنے تک محدود ہیں۔ریونت ریڈی نے بتایا کہ ان کی حکومت نے دو برسوں میں بلدیات کو 17,442 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔



