کے سی آر کو نوٹس کی اجرائی سیاسی سازش کا حصہ : رکن کونسل کویتا

کے سی آر کو نوٹس کی اجرائی سیاسی سازش کا حصہ
یہ کالیشورم کمیشن نہیں ‘کانگریس کمیشن ہے۔کے کویتا کا شدید ردعمل
وقت کے ساتھ سچائی سامنے آئے گی اورانصاف کی فتح ہوگی
سینئر بی آریس لیڈر ورکن قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے کالیشورم پروجیکٹ کے حوالے سے سابق چیف منسٹر وبی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراﺅ کو نوٹس کی اجرائی پر شدید ردعمل کااظہار کیا۔
کے کویتا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر)پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہاکہ کالیشورم کمیشن کی جانب سے کے سی آر کو نوٹس کی اجرائی دراصل ایک سیاسی سازش کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد ایک عظیم عوامی قائد کی ساکھ کو نقصان پہنچاناہے۔انہوں نے پرزورانداز میں کہاکہ یہ کمیشن دراصل کالیشورم کمیشن نہیں ہے بلکہ یہ کانگریس کمیشن ہے۔
جس کے پس پردہ ریاستی حکومت کے سیاسی عزائم کارفرما ہیں ۔کویتا نے یاددلایاکہ کالیشورم تلنگانہ کے عوام کی فلاح وبہبود کےلئے کے سی آر کی قیادت میں تعمیر کردہ ایک عظیم پروجیکٹ ہے۔جس کا مقصد نہ صرف لاکھوں ایکر زرعی اراضی کو سیراب کرناہے بلکہ ریاست کی آئندہ نسلوں کو پینے کےلئے صاف وشفاف پانی کی سربراہی کو یقینی بنانابھی ہے
۔کے کویتا نے کہاکہ کے سی آر نے جس سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھاتھا اسے حقیقت میں بدلنے کےلئے کالیشورم پروجیکٹ جیسا بہت بڑا قدم اٹھایاگیاتاکہ ریاست کو سرسبزوشاداب بنایاجاسکے۔بی آرایس لیڈر نے پرزورانداز میں کہاکہ موجودہ حکومت کی جانب سے سیاسی عداوت اور سازش کے تحت کمیشن کا قیام عمل میں لایاگیا اور نوٹس جاری کی گئی
۔انہوں نے کہاکہ یہ تمام معاملات ایک دن ضرور بے نقاب ہوں گے ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ سچائی سامنے آئے گی اور انصاف کی فتح ہوگی۔