تلنگانہ

تلنگانہ میں 117 بلدیات کے انتخابات کے لئے 11 جنوری کو نوٹیفکیشن !

حیدرآباد _ تلنگانہ ریاست میں بلدی انتخابات کے انعقاد کے لیے باضابطہ طور پر ماحول سازگار ہوتا جا رہا ہے اور انتخابی عمل کے آغاز کا مُہورت طے ہو چکا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق رواں ماہ 11 یا 20 جنوری تک انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی ریاستی حکومت اور تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔

 

واضح رہے کہ تلنگانہ میں مدّت پوری کر چکی 117 میونسپل کارپوریشنوں اور بلدیاتی اداروں کے لیے انتخابات کرانے کا فیصلہ حکومت پہلے ہی کر چکی ہے، تاہم مختلف وجوہات کے باعث اب تک انتخابی عمل مؤخر ہوتا رہا۔ موجودہ صورتحال میں حکومت ان بلدی اداروں میں جمہوری نظم کی بحالی کو ترجیح دے رہی ہے۔

 

الیکشن کمیشن نے یکم جنوری کو مسودہ ووٹر فہرست جاری کی تھی، جس پر عوام سے اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئیں۔ اب 10 جنوری کو حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی، جس کے فوراً بعد 11 جنوری کو انتخابی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ اگر سنکرانتی تہوار اور سرکاری تعطیلات کے سبب شیڈول متاثر ہوا تو نوٹیفکیشن 20 جنوری کو جاری کیا جا سکتا ہے۔

 

دوسری جانب، محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات انتخابی عمل کو شفاف، پرامن اور منظم طریقے سے مکمل کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر انتظامی تیاریوں میں مصروف ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ، انتخابی عملے کی تعیناتی اور سکیورٹی انتظامات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

 

سیاسی حلقوں میں بھی اس اعلان کے بعد سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور مختلف جماعتیں بلدیاتی انتخابات کو آئندہ سیاسی سمت کے لیے اہم قرار دے رہی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی انتخابی میدان پوری طرح گرم ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button