تلنگانہ

ایک روزہ ریاستی اردوکانفرنس کے سلسلہ میں کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کا مشاورتی اجلاس 

ایک روزہ ریاستی اردوکانفرنس کے سلسلہ میں کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کا مشاورتی اجلاس

کے ایل این پرساد آڈیٹور یم ریڈہلز میں اردوکانفرنس،اردومسکن خلوت میں مشاعرہ

کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنز (COMI) کا ایک روزہ ا ردوکانفرس کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس ٹیلنٹ پارک اسکول،، ٹولی چوکی میں منعقد ہوا۔ ٹیلیٹ اسکول کے سربر اہ سید جمال الدین قادری نے مہمانوں کاخیرمقدم کیا۔

 

اجلاس میں اس ماہ 22 نومبر، 2025 بروزہفتہ کو ایف ٹی سی سی آئی، ریڈ ہلز، حیدرآباد کے،کے ایل این پرساد آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی ایک روزہ ریاستی کانفرنس کے سلسلے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایس۔ اے۔ ہدا، آئی پی ایس (ریٹائرڈ) سرپرست و چیئرمین مشاورتی کمیٹی نے کی۔ انہوں نے کانفرنس کے کامیاب اورشاندار انعقاد کیلئے مشورے دیئے

 

۔ صدر کومی ایم۔ ایس۔ فاروق اور جنرل سکریٹری خلیل الرحمن نے کمیٹی کے اراکین میں ذمہ داریاں تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ایک تاریخی اور یادگار تقریب ثابت ہونی چاہیے جو COMI کے اجتماعی جذبے، عزم اور اردو کی خدمت کے مقصد کو نمایاں کرے۔انہوں نے کہاکہ یہ ریاستی اردو کانفرنس نہایت ثقافتی اور تعلیمی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اردو ہماری تہذیبی وراثت، ادب، زبان اور شناخت کا قیمتی سرمایہ ہے،

 

اس کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اردو ہمیشہ وحدت، میل جول اور ہم آہنگی کی علامت رہی ہے، جو اپنی شاعری، نثر اور روایات کے ذریعے مختلف علاقوں کے لوگوں کو جوڑتی ہے۔تعلیم، میڈیا، صحافت، تحقیق، ترجمہ، عوامی انتظامیہ اور ادبی دنیا میں اردو کے وسیع مواقع موجود ہیں۔تعلیمی اداروں میں اردو کو مضبوط بنانے سے نوجوان اپنی تہذیبی شناخت کے ساتھ جڑے رہیں گے اور ہندوستان کی لسانی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔

 

کانفرنس کا مقصد اسکالرس، اساتذہ، شعراء، ادیبوں اور ادارہ جاتی سربراہان کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اردو کے فروغ کے لیے مربوط حکمتِ عملی تیار کرنا ہے۔اردو کو پہلی یا دوسری زبان کے طور پر لازمی مضامین میں شامل کرنے، اردو اساتذہ کی تقرری اور اردو دوست ماحول کی تشکیل کے لیے شعور بیدار کیا جائے گا۔یہ کانفرنس پالیسی سازی، سماجی رابطہ اور اردو زبان کی ترقی کے طویل مدتی منصوبوں کا مرکز ہوگی۔ پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر اسپاٹ رجسٹریشن بھی دستیاب رہے گا

 

جس کیلئے محدود نشستیں ہیں۔کانفرنس کے دوران ممتاز اردو صحافیوں، منتخب نمائندگان، اور مختلف اداروں و انجمنوں کے سربراہان کو ان کی اردو خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزازات پیش کیے جائیں گے۔کمیٹی نے اس موقع پر تمام محبانِ اردو، طلبہ، اساتذہ، شعراء، ادیبوں، محققین، سماجی و ثقافتی شخصیات اور کمیونٹی اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس ایک روزہ کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے اردو تحریک کو مضبوط کریں

 

اور آنے والی نسلوں کے لیے اردو کے تحفظ و فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں کمیٹی کے اراکین احمد ادریس شریف(خزانچی)،ایم اے محسن،نادرہ آمنہ،سید جمال الدین قادری،محمد حبیب شیخ، امۃ الرافع عتیقہ، نسرین فاطمہ(نائب صدر)،وسیم النساء(جوائنٹ سکریٹری)،اکرامہ بن ناصر الیافعی اورنجمہ سلطانہ نے شرکت کی۔ آخر میں صدر اور جنرل سکریٹری نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی اردو کانفرنس 2025 کو ایک شاندار، بامقصد اور تاریخی پروگرام بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button