تلنگانہ

چار فیصد مسلم ریزرویشن اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ صرف کانگریس ہی کر سکتی ہے : محمد علی شبیر

تلنگانہ کے  سینئر کانگریس قائد اور حکومت کے مشیر محمد علی شبیر علی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کسی جماعت پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا بھروسہ کیا جا سکتا ہے تو وہ صرف کانگریس ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلمانوں کو حاصل 4 فیصد ریزرویشن کو برقرار رکھنے اور اقلیتوں کی فلاحی پالیسیوں کا دفاع صرف کانگریس ہی کر سکتی ہے۔

 

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے موقع پر ایراگڈہ کے جنا پریہ گراؤنڈ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شبیر علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار نوین یادو کو کامیاب بنا کر ریونت ریڈی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ 2004-05 میں کانگریس نے جو چار فیصد مسلم ریزرویشن نافذ کیا، اس کے سبب تقریباً 22 لاکھ غریب مسلم طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹر، انجینئر اور پروفیشنل بنے۔ یہ وہ فیصلہ تھا جس نے ہزاروں خاندانوں کی تقدیر بدل دی۔ ایسی دوراندیشی اور فلاحی سوچ صرف کانگریس کے پاس ہے

 

انہوں نے مزید کہا کہ نوین یادو کی جیت صرف ایک حلقہ کی کامیابی نہیں بلکہ ترقی، مساوات اور سیکولرزم کے پیغام کی جیت ہوگی آپ کا ووٹ نوین یادو کے لئے نہیں بلکہ ان اسکیموں کے تسلسل کے لیے ہے جن سے غریب اور پسماندہ طبقات کو نئی زندگی ملی ہے

 

شبیر علی نے بی آر ایس کو بی جے پی کی خفیہ ساتھی قرار دیتے ہوئے عوام کو متنبہ کیا کہ دونوں جماعتوں میں اندرونی مفاہمت ہے جس کا مقصد کانگریس کو کمزور کرنا اور سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرنا ہے۔ ’’بی آر ایس نے کم از کم 14 مواقع پر بی جے پی کی حمایت کی ہے، اس لئے بی آر ایس کو ووٹ دینا دراصل بی جے پی کو مضبوط کرنا ہے

 

انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی وہ قوت ہے جو سپریم کورٹ میں وقف ترمیمی ایکٹ کو چیلنج کرنے کی ہمت رکھتی ہے اور بی جے پی سمیت تمام فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف ہر محاذ پر لڑ سکتی ہے۔

 

 

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے شبیر علی نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے کم وقت میں عوامی فلاح کے کئی اقدامات کیے ہیں، جیسے عمدہ چاول کی تقسیم، نئے راشن کارڈز، خواتین کے لیے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر، اور غریب عوام کو 200 یونٹ مفت برقی۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 11 نومبر کو جوبلی ہلز میں کانگریس کے نشان ’’ہاتھ‘‘ پر ووٹ دے کر فرقہ وارانہ سیاست کو شکست دیں۔شبیر علی نے پرزور انداز میں کہا کہ کانگریس کو دیا گیا ووٹ انصاف، مساوات اور سیکولر ہندوستان کے مستقبل کے حق میں فیصلہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button