اردو یونیورسٹی کی زمین کو واپس لینے کے خلاف عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کا احتجاج
حیدرآباد _ حیدرآباد میں عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ یہ احتجاج آرٹس کالج او یو کیمپس میں منعقد ہوا۔
طلبہ کا الزام ہے کہ کانگریس حکومت مؤلانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی تقریباً 50 ایکڑ اراضی کو غیر قانونی طور پر حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی وہ سخت مخالفت کرتے ہیں۔احتجاجی طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس مجوزہ اراضی حصولی کو واپس لیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو آئندہ دنوں میں اردو یونیورسٹی کے طلبہ کی حمایت میں مزید بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریکیں چلائی جائیں گی
۔طلبہ نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کی اراضی پر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور اردو زبان و تعلیم کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔



