بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے بیان سے مسلمانوں کے خلاف نفرت ظاہر – بی آر ایس قیادت نوٹس لے: بیرسٹر اسدالدین اویسی
حیدرآباد _ بی آر ایس کے رکنِ اسمبلی پی کوشک ریڈی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ “ان کے بیان سے مسلمانوں کے خلاف ان کی نفرت عیاں ہوتی ہے۔
ایک سرکاری افسر جو اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، اس کے بارے میں اس طرح کی فضول اور توہین آمیز زبان استعمال کرنا قابلِ فہم نہیں۔ مجھے نہیں معلوم ان کے اور ان کی پارٹی کے دلوں میں کیا ہے، لیکن ایک رکن اسمبلی کی جانب سے اس نوعیت کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ آر ایس ایس کی نظریہ سازی ان پر حاوی ہو چکی ہے۔
بی آر ایس قیادت کو اس کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئے۔ یہ افسوسناک ہے کہ کے سی آر 10 برس تک اس ریاست کے چیف منسٹر رہے، اس کے باوجود آج اس طرح کے بیانات دیئے جا رہے ہیں۔
بلدی انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اسدالدین اویسی نے کہا کہ “ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے امیدوار میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین منتخب ہوں۔ اسی مقصد کے تحت آج ہم نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کیا ہے۔”



