تلنگانہ

پاشامیلارم صنعتی علاقہ میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک دھماکہ – 6 مزدور ہلاک، متعدد زخمی

سنگاریڈی ضلع کے پاشامیلارم صنعتی علاقہ میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک دھماکہ – 6 مزدور ہلاک، متعدد زخمی

 

تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے پاشامیلارم صنعتی علاقہ میں پیر کی صبح ایک زبردست دھماکہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق "سِگاچی” نامی کیمیکل فیکٹری میں واقع ریئیکٹر اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجہ میں فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی اور تقریباً 20 مزدور شدید جھلس گئے۔ ان میں سے 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 5 کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ایک مزدور نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کئی مزدور 100 میٹر تک دور جا گرے۔ فیکٹری کی پروڈکشن بلڈنگ مکمل طور پر منہدم ہوگئی اور ساتھ والی ایک عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ واقعہ کے وقت فیکٹری میں کئی ملازمین موجود تھے، جن میں سے کچھ کے اندر پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔ کئی مزدوروں کے فون بند ہونے کی وجہ سے ان کے گھر والوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

 

زخمیوں کو فوری طور پر چندانگر اور اسناپور میں واقع پرائیویٹ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

فائر بریگیڈ کی 11 گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سنگاریڈی کے ضلع کلکٹر پرَوینیا اور ایس پی پَری توش نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔

 

حکام نے فیکٹری میں رِسنے والی تیز بدبو پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس سے آس پاس کے رہائشی علاقوں میں لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button