بی سی ریزرویشن بل منظور کرو یا کرسی چھوڑو: ریونت ریڈی کا مودی کو انتباہ

نئی دہلی، 6 اگست:تلنگانہ کےچیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو دو ٹوک چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر مودی اپنی کرسی بچانا چاہتے ہیں تو 42 فیصد بی سی ریزرویشن پر مشتمل بل کو فوری منظوری دینی ہوگی، بصورت دیگر عوام انہیں اقتدار سے بے دخل کر دیں گے۔
دہلی کے جنتر منتر پر بی سی ریزرویشن کے حق میں منعقدہ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی سی ریزرویشن اب صرف تلنگانہ کا مطالبہ نہیں بلکہ پورے ملک کا ایجنڈا بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے او بی سی طبقہ کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری اور مناسب ریزرویشن کو اپنا قطعی وعدہ قرار دیا ہے، جو اب محض بیان نہیں بلکہ عزم بن چکا ہے۔
ریونت نے خبردار کیا کہ راہول گاندھی کے اس عہد کے خلاف جانے والوں کو تلنگانہ کی عوام سیاسی طور پر دفن کر دیں گے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی سی ریزرویشن بل اور دیگر آرڈیننس منظور نہیں کیے گئے تو تلنگانہ کی قیادت دہلی نہیں آئے گی، بلکہ مرکز کو خود ریاست کی گلیوں میں آ کر عوام کا سامنا کرنا ہوگا۔