آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کی نئی فلم ” ہری ہرا ویرا ملو ” مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے والی فلم

حیدرآباد: 24 جولائی ( اردو لیکس) سی پی ایم (کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ) نے اداکار و سیاستدان پون کلیان کی نئی فلم "ہری ہرا ویرملّو” پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری سرنیواس راؤ نے الزام لگایا کہ یہ فلم ایک فرضی کہانی پر مبنی ہے، جسے تاریخی حقیقت کے طور پر پیش کر کے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ "تاریخ میں ہری ہرا ویرملّو نام کا کوئی شخص موجود نہیں رہا۔ ایک جھوٹی کہانی کو اس انداز سے دکھایا گیا کہ اس سے مسلمانوں کے خلاف منفی جذبات ابھریں۔”
سی پی ایم لیڈر نے مطالبہ کیا ہے کہ سینما گھروں میں فلم کے ساتھ یہ پوسٹر بھی لگائے جائیں کہ "یہ تاریخ نہیں، ایک فرضی کہانی ہے”۔
سرینواس راؤ نے مزید کہا کہ "پون کلیان جیسے بااثر شخص کو سچ دکھانا چاہیے تھا، نہ کہ فرضی قصے سنا کر عوام کو گمراہ کرنا۔”
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر پون کلیان واقعی مرکز میں اپنی پہچان کا فائدہ اٹھا کر کوہِ نور ہیرا کو بھارت واپس لے آتے تو وہ سچی حب الوطنی ہوتی، مگر اس کے بجائے فلم میں مسلمانوں کو دشمن کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
سی پی ایم لیڈر نے الزام لگایا کہ "پون کلیان آر ایس ایس کا اثر لیے ہوئے ہیں، اور انہوں نے اس فلم کو آر ایس ایس کے نظریات کے مطابق تیار کیا ہے۔