اسمبلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات و مصافحہ، خیریت دریافت — ایوان میں خوشگوار لمحہ

حیدرآباد _ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران آج ایوان میں ایک دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا، جب طویل وقفے کے بعد سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی اسمبلی میں اچانک حاضری نے ایوان کی فضا بدل کر رکھ دی۔
کے سی آر کے ایوان میں داخل ہوتے ہی توجہ کا مرکز بن گئے۔ اسی دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی خود اُن کی نشست تک پہنچے، مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کرتے ہوئے اُن کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ سیاسی اختلافات کے باوجود اس خوشگوار لمحے نے ایوان میں موجود اراکین کو بھی چونکا دیا۔
اس موقع پر وزراء سری دھر بابو، اُتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی، لکشمن، سیتااکا، سرکاری وہپ بیرلا ایلّیا، آدی سرینواس سمیت کانگریس کے کئی ارکانِ اسمبلی نے سابق چیف منسٹر سے ملاقات کر کے احترام کا اظہار کیا۔ سی پی آئی کے رکنِ اسمبلی کنمانینی سامبا شیوا راؤ بھی اس موقع پر کے سی آر کو سلام کرنے والوں میں شامل رہے۔
تاہم یہ حاضری زیادہ دیرپا ثابت نہ ہوئی۔ قومی ترانہ اور تعزیتی قراردادوں کی کارروائی کے فوراً بعد کے سی آر ایوان سے روانہ ہوگئے۔ اسمبلی رجسٹر میں دستخط کرنے کے بعد وہ سیدھے نندی نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ چلے گئے۔
طویل وقفے کے بعد اسمبلی میں آمد اور پھر مختصر حاضری کے ساتھ روانگی نے سیاسی حلقوں میں بحث کو جنم دے دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس پر مختلف تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔



