تلنگانہ

اقلیتی طلبہ کے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی فوری اجرائی کا مطالبہ – علماء اور ملی قائدین کا وزیرِاعلیٰ تلنگانہ کے نام مکتوب

اقلیتی طلبہ کے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کی فوری اجرائی کا مطالبہ

علماء اور ملی قائدین کا وزیرِاعلیٰ تلنگانہ کے نام مکتوب

 

وزیرِاعلیٰ تلنگانہ جناب ریونت ریڈی کے نام ایک مکتوب میں ممتاز علماء کرام اور ملی قائدین نے اقلیتی طلبہ کے لیے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ (RTF اسکیم) کی فوری اجرائی کا مطالبہ کیا ہے۔

 

مکتوب میں وزیرِاعلیٰ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس مسئلے کی سنگینی اور طلبہ کو درپیش مشکلات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، تاکہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم کو جاری رکھ سکیں اور انہیں روزگار کے مواقع میسر ہو۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ ہزاروں طلبہ کی زیر التواء اسکالرشپ کی جلد از جلد اجرائی کو یقینی بنائیں۔

 

اس مکتوب پر دستخط کنندگان میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی (آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)، مولانا شاہ جمال الرحمٰن مفتاحی (امیر، ملتِ اسلامیہ)، مفتی صادق محی الدین فہیم نظامی (یونائیٹڈ مسلم فورم)، مفتی غیاث الدین رحمانی (جمعیت العلماء)، ڈاکٹر خالد مبشر الظفر (جماعتِ اسلامی ہند)، ایس کیو مسعود (ASEEM) اور محمد فراز احمد (ایس آئی او) کے ساتھ مختلف اہم مسلم تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔

 

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسکالرشپ کی طویل تاخیر ہزاروں اقلیتی طلبہ کو تعلیمی دشواری اور مالی بحران میں دھکیل رہی ہے، جس کے نتیجے میں بہت سے طلبہ قرض کے بوجھ تلے دب رہے ہیں، ان کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ اسکالرشپ کی اجرائی میں تاخیر کے باعث طلبہ کو تعلیمی اسناد کے حصول، اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور روزگار کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔

 

*مکتوب میں پیش کردہ اہم مطالبات:*

 

1. تمام زیر التواء اسکالرشپ کی فوری اجرائی کی جائے۔

2. وقت مقررہ پر شفاف طریقۂ کار کے تحت اسکالرشپ کی تقسیم کو عمل میں لایا جائے۔

3. اسکالرشپ کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے خصوصی ایمرجنسی فنڈ کو مختص کیا جائے۔

 

یہ خط وزیرِاعلیٰ کے دفتر، وزیرِ اقلیتی بہبود، پرنسپل سکریٹری فنانس ڈپارٹمنٹ، اور سکریٹری اقلیتی بہبود جناب شفیع اللہ (IFS) کو بالمشافہ پیش کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button