تلنگانہ

کریم نگر کے ممتاز سرجن ڈاکٹر بھوم ریڈی کو بعد از مرگ پدم شری ایوارڈ دیا جائے : رکن کونسل کویتا

ممتاز سرجن ڈاکٹر بھوم ریڈی کو بعد از مرگ پدم شری ایوارڈ دیا جائے

*نمایاں طبی خدمات کا اعتراف ضروری ۔کے کویتا کا آنجہانی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت*

 

صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے کریم نگر کے معروف اور ممتاز سرجن ڈاکٹر بھوم ریڈی کو بعد از مرگ "پدم شری” ایوارڈ عطاکرنے کی اپیل کی ہے۔ کویتا نے آج ڈاکٹر بھوم ریڈی کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کی کریم نگر میں واقع رہائش گاہ پہنچیں اور اہل خانہ سے ملاقات کی

 

۔ اس موقع پر کویتا نے ڈاکٹر سوریہ نارائن ریڈی، ڈاکٹر سدھا، ڈاکٹر رام اور ڈاکٹر رویندر ریڈی کے ہمراہ میڈیا سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بھوم ریڈی نہ صرف تلنگانہ کے پہلے جنرل سرجن تھے بلکہ انہوں نے اپنی ساری زندگی عوام کوطبی خدمات کی فراہمی کے لئے وقف کر دی تھی

 

۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا دہلی AIIMS میں علاج کرنے والے ڈاکٹر بھوم ریڈی کو بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینے کے مواقع ملےلیکن انہوں نے ایسی پیشکشوں کو قبول نہیں کیا بلکہ کریم نگر میں غریب عوام کے لئے طبی خدمات فراہم کرنے کو ترجیح دی۔ اسی لئے وہ "غریبوں کے ڈاکٹر” کے طور پر معروف ہیں۔

 

کویتا نے کہا کہ ڈاکٹر بھوم ریڈی کو "کریم نگر کے طبی پتا ما” کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کے اقدامات کے باعث کریم نگر ایک طبی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ ایک وقت جب کریم نگر ایک پسماندہ علاقہ تھا، انہوں نے یہاں یورولوجی اور نیورو سرجری جیسی سہولیات متعارف کروائیں۔انہوں نے کہا کہ کریم نگر کے طلبہ کو میڈیکل تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے چلمیڈا میڈیکل کالج کے قیام میں بھی ڈاکٹر بھوم ریڈی نے اہم کردار ادا کیا۔

 

اس کے علاوہ ریکورتی آئی اسپتال، سشروت کینسر اسپتال کے قیام میں بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وہ ریڈ کراس سوسائٹی اور IMA جیسے اداروں سے وابستہ ہو کر بھی نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

 

ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں کئی گولڈ میڈلس سے بھی نوازا گیا۔آخر میں کویتا نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ اتنی عظیم خدمات کے حامل ڈاکٹر بھوم ریڈی کو "پدم شری” اعزاز سے نوازا جائے، اور ساتھ ہی مقامی ایم پی و مرکزی وزیر بَنڈی سنجے سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں مرکزی حکومت سے سفارش کریں تاکہ ڈاکٹر بھوم ریڈی کو بعد از مرگ قومی اعزاز کے ذریعہ خراج پیش کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button