پب جی کا نشہ جان لیوا ثابت: تلنگانہ کے بھینسہ میں دسویں جماعت کے طالب علم نے پھانسی لگا کر زندگی ختم کرلرلی

تلنگانہ کے نرمل ضلع کے بھینسہ ٹاؤن میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں موبائل فون پر "پب جی گیم” کا نشہ ایک طالب علم کی جان لے گیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے مولا علی علاقے سے تعلق رکھنے والے سنتوش اور ان کی اہلیہ سائی پراجا کچھ عرصے سے بھینسہ کے آنند نگر کالونی میں رہائش پذیر تھے اور کاروبار کرتے تھے۔ ان کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ بیٹا بیٹی ریشیندرا نویں جماعت مکمل کر کے دسویں میں داخلہ لینے والا تھا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق، ریشیندرا پچھلے کچھ عرصے سے پب جی گیم کا عادی ہو گیا تھا۔ دسویں جماعت کی پڑھائی شروع کرنے کے بجائے وہ زیادہ تر وقت کھیل ہی میں گزارتا تھا۔ والدین اور گھر والوں نے پچھلے دو تین دن سے اس کے موبائل پر پابندی لگائی تاکہ وہ دوبارہ پڑھائی پر توجہ دے سکے، لیکن یہ اقدام اس کے لئے برداشت سے باہر ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ سخت ذہنی دباؤ اور ڈپریشن میں آکر ریشیندرا نے بدھ کی شام اپنے ہی مکان میں پھانسی لگا کر زندگی ختم کرلی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بھینسہ ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔