تلنگانہ

رحمت عالم ایوارڈ 2025 جاریہ سال پروفیسر وپن کمار ترپاٹھی کو ایوارڈدینے کا فیصلہ:صدر بزم ایم اے مجیب

حیدرآباد۔25اگسٹ(پریس نوٹ)کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی جشن میلاد النبیۖ تزک و احتشام کے ساتھ منایا جائے گا۔اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔ صدرکل ہند بزم رحمت عالم ایم اے مجیب سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے بتایا کہ جشن میلاد النبیۖ کے ضمن میں استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور تمام انتظامات سرعت کے ساتھ جاری ہیں۔آج بزم کے دفتر واقع اوکاس کامپلکس مانصاحب ٹینک پر استقبالیہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور پر غور و خوض کیا گیا اور جاریہ سال رحمت عالم ایوارڈ 2025کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی رحمت عالم پیس ایوارڈ عطا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بزم رحمت عالم کی جانب سے ایسی شخصیت کو ہر سال ایوارڈ عطا کیا جاتا ہے جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کرتے ہیں۔ انسانی حقوق کے علمبردار ہوتے ہیں۔ مسلمانوں اور اسلام کے تعلق سے دنیا میں پیدا شدہ غلط فہمیوں کے ازالے کے لئے کام کرتے ہیں۔ بزم رحمت عالم نے اپنے اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے جاریہ سال رحمت عالم پیس ایوارڈ مشہور و معروف پروفیسر وپن کمارترپاٹھی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروفیسر وپن کمار ترپاٹھی محتاج تعارف نہیں ہیں۔ وہ مسلسل 30 برسوں سے ہندو مسلم اتحاد، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ مسلمانوں کے حقوق کے لئے بات کرتے ہیں۔ فلسطین کے کاز کے لئے وہ بہت زیادہ سرگرم ہیں۔ غزہ میں اسرائیل کی بربریت کی کھل کر مذمت کرتے ہیں اور وہ اسرائیل کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ پمفلٹ میان کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں اور کافی مشہور ہیں۔ وہ فلسطین کے تعلق سے اور مسلمانوں کے تعلق سے اپنی رائے کو شخصی اخراجات پر پمفلیٹ میں شائع کرتے ہیں ۔وہ مختلف مقامات پر خود پمفلیٹ تقسیم کرتے ہیں اور حق و انصاف پر مبنی چھوٹی چھوٹی تقریریں کرتے ہیں۔ ہندوستان کے حالات اور دنیا کے حالات کے تعلق سے وہ عوام کو آگاہ کرتے ہیں۔ وہ اسرائیل کے جارحانہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انہوں نے اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر روزہ تک رکھا ہے ۔15 اگست کو بھی وہ احتجاج کئے ہیں۔ ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل کی جارحیت ختم نہیں ہو جاتی اور فلسطین میں امن قائم نہیں ہو جاتا، فلسطین کو ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے قبول نہیں کر لیا جاتا تب تک ہمارے ہندوستان کی آزادی بھی ادھوری ہے۔ اس طرح کے ترپاٹھی کے خیالات ہیں۔ ان کی زندگی اور جدوجہد کو مدنظر رکھتے ہوئے جاریہ سال رحمت عالم پیس ایوارڈ 2025 کے لئے ان کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔ صدر بزم ایم اے مجیب نے کہا کہ جشن میلاد النبیۖ کے موقع پر گزشتہ سات برسوں سے رحمت عالم ایوارڈ دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاحال پروفیسر کانچا ایلیا’ کیپٹن پانڈورنگا رائو’ راجیو شرما’ فادرسامیول پیٹر’ مشہور و معروف رائٹر رام پنیانی ، مشہور خطاط انیل کمار چوہان ‘ سینئر صحافی ملے پلی لکشمیا اورصحافی روہت اپادھیائے کو ایوارڈس دیئے گئے ہیں۔جاریہ سال ہندو۔مسلم اتحاد کے علمبردار پروفیسر وپن کمار ترپاٹھی کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایم اے مجیب نے بتایا کہ بزم کی جانب سے جاریہ سال بھی فقید المثال پیمانہ پر جشن میلاد النبیۖ و ایوارڈ تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔مقام ،تاریخ اور علما کرام کے ناموں کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جشن میلاد النبیۖ سے بیرون ریاستوں کے مشہور و معروف علمائے کرام کے علاوہ مقامی مقررین بھی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عامتہ المسلمین بزم کے جشن میلاد النبیۖ کو کامیاب بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button