حیدرآباد میں 3 دن تک بارش کی پیش قیاسی۔ حکام چوکس عوام کو ضروری مشورہ

حیدرآباد/ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں آئندہ تین دنوں تک بارش کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے چوکس رہیں۔
دانا کشور نے زونل کمشنرس اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور ہنگامی ٹیمیں تیار رکھی جائیں۔ ٹریفک پولیس، واٹر ورکس اور برقی محکمے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ بارش کے دوران کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضرورت کے علاوہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بچوں اور بزرگوں کو بہتے ہوئے نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جی ایچ ایم سی ہیلپ لائن یا ڈی آر ایف سے رابطہ کریں۔ شہریوں سے گزارش کی گئی کہ مین ہولس نہ کھولیں اور پانی سے بھرے ہوئے مقامات پر پیدل یا گاڑی پر جانے سے گریز کریں۔