تلنگانہ

تلنگانہ کے نرمل ضلع میں نایاب جنگلی جانور "ادوی آلوگو” کی غیر قانونی شکار کا انکشاف – 11 افراد گرفتار

نرمل ضلع میں نایاب جنگلی جانور "ادوی آلوگو” کی غیر قانونی شکار کا انکشاف – 11 افراد گرفتار

 

نرمل، 22 جون: نرمل ضلع کے خانہ پور منڈل میں ایک نایاب اور بین الاقوامی سطح پر معدوم ہوتی جنگلی جانور کی نسل "ادوی آلوگو” (جنگلی چھپکلی) کی غیر قانونی شکار اور اسمگلنگ کے الزام میں 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ فاریسٹ ڈویژن آفیسر (ایف ڈی او) بھوانی شنکر نے یہ معلومات دی۔

 

بھوانی شنکر کے مطابق 19 جون کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر خانہ پور کے فاریسٹ آفیسر کرن کمار نے مقامی این ٹی آر چوراہے کے قریب ایک کار کو روکا، جس میں اس نایاب جانور کو غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران سرنگاپور گاؤں کے رہائشی ایک شخص سری نواس کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران شکار میں استعمال ہونے والے آلات، جیسے ٹریسر اور جانوروں کی تلاش کے لیے استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا۔

 

مزید تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مامڈا منڈل کے دِمّادورتی جنگلاتی علاقے میں سری نواس اور اس کے ساتھیوں نے مل کر "ادوی آلوگو” کا شکار کیا۔ نایاب جانور کو نظام آباد شہر کے ایک باشندے رشید کے حوالے کیا گیا، جس نے مبینہ طور پر حیدرآباد کے چند افراد کے ساتھ مل کر اسے فروخت کرنے کی کوشش کی۔ رشید کے گھر پر چھاپہ مارنے پر جانور نظر نہیں آیا، مگر اگلے دن اس کے مکان کے قریب واقع نالے سے "ادوی آلوگو” کو برآمد کیا گیا۔

 

ایف ڈی او بھوانی شنکر نے بتایا کہ اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر معدومیت کے خطرے سے دوچار اس قسم کے جنگلی جانوروں کے تحفظ کے لیے حکومت پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور ایسے جرم میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button