جگتیال ضلع کی دولور گرام پنچایت میں سرپنچ کے عہدہ پر رضیہ بیگم کی ریکارڈ توڑ کامیابی
تلنگانہ گرام پنچایت انتخابات میں کانگریس کی رضیہ بیگم کی شاندار کامیابی — بی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے شکست
تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کتھلاپور منڈل کی دولور گرام پنچایت میں سرپنچ کے انتخاب میں کانگریس کی تائیدی امیدوار رضیہ بیگم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ رضیہ بیگم نے اپنے حریف بی آر ایس امیدوار کو زبردست 460 ووٹوں کے بھاری فرق سے شکست دی، جسے اس علاقے میں "ریکارڈ اکثریت” قرار دیا جارہا ہے۔
مقامی حلقوں کے مطابق، رضیہ بیگم نے انتخابی مہم کے دوران خواتین اور نوجوانوں میں نمایاں حمایت حاصل کی، جبکہ ترقیاتی وعدوں، شفاف قیادت اور عوامی رسائی نے ان کی جیت کو مزید مضبوط بنایا۔ نتیجہ سامنے آتے ہی دولور گاؤں میں جشن کا ماحول دیکھا گیا، حامیوں نے ڈھول تاشوں کے ساتھ انہیں مبارکباد پیش کی۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ دولور میں یہ نتیجہ کانگریس کے لئے حوصلہ افزا ثابت ہوگا، جبکہ بی آر ایس کے لئے یہ ایک بڑا دھچکا ہے۔ رضیہ بیگم کی کامیابی نے نہ صرف مقامی سیاست میں نئی پہچان قائم کی بلکہ خواتین کی قیادت کے بڑھتے ہوئے اثر کو بھی اجاگر کیا ہے۔



